آسٹریلین اوپن ٹینس ؛ جوکووک ریکارڈ 7 ویں بار چیمپئن بن گئے

اے ایف پی  پير 28 جنوری 2019
فائنل میں نڈال کو شکست ، ڈبلز ٹائٹل فرنچ جوڑی ہربرٹ اور مہاٹ کے نام

فائنل میں نڈال کو شکست ، ڈبلز ٹائٹل فرنچ جوڑی ہربرٹ اور مہاٹ کے نام

 میلبورن:  نووک جوکووک نے ریکارڈ ساتویں بار آسٹریلین اوپن ٹرافی قبضے میں کرلی، انھوں نے فائنل میں رافیل نڈال کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-3،6-2 اور6-3 سے زیرکیا۔

اس سے قبل فیڈرر، روئے ایمرسن  اورجوکووک کو 6،6 بار میلبورن پارک ایونٹ کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل تھا تاہم اب وہ ان دونوں سے آگے بڑھ گئے، ورلڈ نمبرون سربیئن اسٹار کے کیریئر کا یہ 15واں گرینڈ سلم ٹائٹل ہے، مقابلہ 2 گھنٹے 4 منٹ میں مکمل ہوا، رافیل نڈال سے باہمی مقابلوں میں جوکووک کی برتری اب 28-25 ہوگئی، گرینڈ سلم فائنل میں دونوں کا ریکارڈ 4-4 سے برابر ہوگیا، جوکووک نے گرینڈ سلم جیتنے کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلی، وہ اس سے قبل گذشتہ سیزن میں یوایس اوپن اور ومبلڈن بھی جیت چکے ہیں۔

وہ اب مئی میں پیرس میں جاکر فرنچ اوپن جیت کر اوپن ایرا میں تمام چاروں گرینڈ سلم دوبار جیتنے والے واحد پلیئر بن سکتے ہیں،مینز ڈبلز فائنل میں فرنچ جوڑی پیری ہیوز ہربرٹ اور نکولس مہاٹ نے میدان مارلیا، انھوں نے فائنل میں فن لینڈ کے ہنری کونٹینن اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے جون پیرز کو 6-4،7-6(7/1) سے ہرادیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رافیل نڈال نے کہا کہ آج کا دن میرے لیے اچھا نہیں رہا اور جوکووک مجھ سے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی، میں نے گذشتہ برس کیریئر کے مشکل دن دیکھے ہیں، جہاں  میں صرف 9 ایونٹس کھیل پایا تھا ،میرے لیے یہاں مثبت پہلو یہ رہا کہ میں یہاں پر دو ہفتے تک اچھا کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔