ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 اپريل 2019
قانون شکنوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا، وفاقی وزیرصحت۔ فوٹو:فائل

قانون شکنوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا، وفاقی وزیرصحت۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

ملک میں ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافے کے معاملے پر بڑی  پیش رفت سامنے آئی ہے، اور حکومت نے عوام کو لوٹنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف کمر کس لی ہے۔

وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے ادویات کی قیمتوں پر اضافے کا سختی سے  نوٹس لیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف گھیرا تنگ کرے اور پورے ملک میں کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔

 

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ  آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور قانون شکنوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کریک ڈاؤن کیا جائے، عوام کو مناسب قیمت پر اور معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے ذمہ داری پوری کریں گے۔

ترجمان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق غیر قانونی طور پر اضافے میں ملوث 31 دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اور زائد قیمت وصول کرنے والی کمپنیوں کی 143 ادویات بھی قبضے میں لےلی گئی ہیں، بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان ادویات کی پروڈکشن بھی بند کر دی گئی ہے،  جبکہ  قانون شکنوں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمات کیے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔