ڈنگی وائرس سے کراچی میں3 افراد جاں بحق سوات میں750متاثر

9افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،ڈنگی سرویلنس سیل، بعض نجی اسپتالوں میں درست علاج نہیں کیا جا رہا، والد متوفی


مینگورہ، سیدو شریف اور ملاکنڈ کے اسپتالوںمیں ایمرجنسی نافذ، محکمہ صحت کاہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا فوٹو: فائل

کراچی میں ڈنگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3 ہوگئی ، ڈنگی وائرس کا شکار مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سوات میں 750افراد متاثر ہیں۔

کراچی میں ڈنگی سرویلنس سیل کے مطابق گزشتہ 2 روز میں ڈنگی وائرس کا شکار ہونے والے 3 افراد نے مختلف نجی اسپتالوں میں دوران علاج دم توڑ دیا ، ڈنگی سرویلنس سیل کے اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ڈنگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ڈنگی وائرس سے متاثر ہو کر 21 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ ڈنگی وائرس کا شکار ہو کر ایک اور نوجوان 26 سالہ اویس چل بسا متوفی ناظم آباد نمبر 2 کا رہائشی اور گزشتہ ہفتے تیز بخار کی شکایت پر نجی اسپتال ناظم آباد لایا گیا، پیر کو اسے اسٹیڈیم روڈ روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جہاں وہ مرض کی شدت کے باعثچل بسا ، متوفی کی تدفین پاپوشنگر قبرستان میں کی گئی جبکہ متوفی کے والد انصار نے بتایا کہ اویس 4 روز سے شدید بخار کا شکار تھا بعض نجی اسپتالوں میں ڈنگی وائرس کا درست علاج نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے میرا جواں سال بیٹا زندگی کی بازی ہار گیا۔ نمائندگان ایکسپریس کے مطابق سوات اورمینگورہ میں ڈنگی پرقابونہ پایاجاسکا، اسپتالوںمیں ایمرجنسی نافذکردی گئی،ضلع سوات میں محکمہ صحت نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا،خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ہنگامی ایڈوائزری ٹیم سوات بھیجنے کااعلان کردیا۔ مینگورہ کے نواحی علاقے اکبرآبادبارامہ میں متعددافرادمیں ڈنگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ مکینوںکاکہناہے کہ بارامہ میں اب تک مچھرماراسپرے نہیں کیاگیاجس کی وجہ سے ڈنگی بخار میں مبتلاافرادکی تعدادمیں مسلسل اضافہ ہوتاجارہاہے۔



غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق اب تک ضلع سوات میں ڈنگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد750سے تجاوز کرچکی ہے۔پیر کو ڈائریکٹرہیلتھ سروسزڈاکٹرعبدالغفورکی زیر صدارت اجلاس میں انکشاف کیاگیاکہ صوبے کے اسپتالوں میں مناسب سہولتیں نہ ہونے سے تمام متاثرہ مریضوں کے نمونے اسلام آباد،لاہور اورکراچی بھجوائے جارہے ہیں جبکہ ضلع سوات میںڈاکٹرزمحض مختلف علامات کی بنا پرمریضوںمیں مرض ڈنگی تشخیص کررہے ہیں۔سوات کے پبلک ہیلتھ فوکل پرسن ڈاکٹر انعام اﷲ خان نے اجلاس میں بتایاکہ سیدوٹیچنگ اسپتال میں 243 ڈنگی کے متاثرہ مریض لائے گئے جن میں158کو علاج کے بعدفارغ کردیاگیا'اب تک ڈنگی سے موت واقع ہونیکا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہواہے۔

ادھرصوبائی وزیرصحت شوکت علی یوسفزئی کی ہدایت پرخیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) نے سوات میں ڈنگی بخارسے بچاؤاور علاج کے سلسلے میں ماہرین پرمشتمل ہنگامی ایڈوائزری ٹیم سوات بھیجنے کااعلان کردیا۔ علاوہ ازیں گورنرخیبرپختونخوا انجنیئرشوکت اﷲ کی خصوصی ہدایت پرہیلتھ سروسز فاٹاکی طرف سے سوات میں ڈنگی وائرس پرقابو پانے کیلیے 2جدید مشینیں اوراسٹاف مینگورہ روانہ کردیاگیا۔ادھر ڈپٹی کمشنرسوات نے سیدوگروپ آف ہاسپٹلزسیدوشریف میں ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کردیا۔ملاکنڈ میں مراکز صحت میں ایمرجنسی نافذکردی گئی اور مختلف علاقوںمیں مچھرمارسپرے کا آغاز کردیا۔

مقبول خبریں