عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو رہے ہیں،فردوس عاشق

ویب ڈیسک  پير 9 دسمبر 2019
عمران خان قومی دولت کی برآمدگی میں کامیاب ہوں گے،معاون خصوصی فوٹو: فائل

عمران خان قومی دولت کی برآمدگی میں کامیاب ہوں گے،معاون خصوصی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو رہے ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو رہے ہیں۔ جنہیں پاکستان کے عوام نے مائنس کیا ہے، وہ سازشوں کے ذریعے خود کو دوبارہ قابل قبول بنانے کے لئے ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ سازشیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ پاکستان کی سیاست سے مائنس ہوچکے ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اس وقت سیاسی محاذ پر دو نظریات کا ٹکراؤ چل رہا ہے۔ ایک نظریہ قومی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر جائیدادیں اور محلات تعمیر کرنے والوں کا ہے جب کہ دوسرا نظریہ عمران خان کا ہے جو قوم کی لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کرنے کے مشن پر کاربند ہیں۔ انشاءاللہ عمران خان قومی دولت کی برآمدگی کی جدوجہد میں کامیاب و کامران ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے اپنی دولت کو پلس کرنے والے اب مائنس کا شور مچانے کے بجائے قوم کو لوٹی گئی دولت واپس کردیں، (ن) لیگی قیادت عجب کرپشن کی غضب داستانوں کے مفرور ہیں۔ پاکستان میں سیاسی احتجاج ٹھیکے پر ان کے رہبر مولانا فضل الرحمان اور ہمنواؤں کے سپرد ہے۔ “دولت اور خود کو بچاؤ پلانز” اور سازشیں ناکامی سے دوچار ہیں۔ اب انہیں سیاست سے کنارہ کشی کرنے کا پلان اختیار کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔