جامشورو:
نیشنل گرڈ کمپنی کے 500 کے وی جامشورو گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث حیسکو کے 42 فیڈرز کی بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔
ترجمان حیسکو کے مطابق جامشورو گرڈ اسٹیشن میں جمپر کے یلو اور بلیو فیز میں فنی خرابی کے باعث دو گھنٹے کا ایمرجنسی شٹ ڈاؤن لیا گیا ہے۔
متاثرہ فیڈرز میں کوہسار گرڈ اسٹیشن کے 16، بائی پاس کے 8، شہباز کے 6، جامشورو کے 4 اور کوٹری گرڈ اسٹیشن کے 8 فیڈرز شامل ہیں۔
حیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ خرابی نیشنل گرڈ میں پیدا ہوئی ہے، جو حیسکو کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ فنی خرابی دور ہونے اور بجلی کی فراہمی معمول پر آتے ہی متاثرہ فیڈرز کی بجلی بحال کردی جائے گی۔