جسٹن ٹروڈوکی اہلیہ میں کورونا وائرس کی تصدیق

ویب ڈیسک  جمعـء 13 مارچ 2020
کینیڈین خاتون اول صوفی گریگوری  ٹروڈو 158 ویں کینیڈین شہری  ہیں جن میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔  فوٹوفائل

کینیڈین خاتون اول صوفی گریگوری ٹروڈو 158 ویں کینیڈین شہری ہیں جن میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ فوٹوفائل

اوٹاوا: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی اپنے گھر تک محدود ہوکررہ گئے ہیں۔

کینیڈین وزیراعظم کے دفترسے تصدیق کی گئی ہے کہ وزیراعظم کی اہلیہ صوفی کورونا وائرس سی او وی آئی ڈی 19 کا شکارہوگئی ہیں۔ صوفی ٹروڈو میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں میاں بیوی نے خود کو 14 دن کے لیے اپنے گھرتک محدود کرلیا ہے۔ جسٹن ٹروڈومیں ابھی تک کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہرنہیں ہوئیں اوران کی حالت بہتر ہے تاہم طبی ماہرین کے مشورے کے پیش نظر وہ بھی 14 دنوں کے لیے اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر تک محدود رہیں گے۔

کینیڈین وزیراعظم نے ٹوئٹرپربتایا کہ وہ گھرسے کام کریں گے اور ویڈیو اور ٹیلی کانفرنس کے ذریعے میٹنگزمیں شرکت کریں گے۔ جب کہ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بھی کہا گیا ہے جسٹن ٹروڈو بطوروزیراعظم اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے اور جمعہ کو ہونے والے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، تعلیمی ادارے بند

کینیڈین خاتون اول نے بدھ کے روزبرطانیہ سے لوٹنے کے بعد فلو اورہلکے بخار کی علامات ظاہر ہونے کے بعد فوری طور پر  طبی ماہرین سے مشورہ کیا۔ بعد ازاں  گزشتہ روزجسٹن ٹروڈو نے ٹوئٹر پر اپنی اہلیہ میں  کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔

کینیڈین خاتون اول صوفی گریگوری ٹروڈو 158 ویں کینیڈین شہری ہیں جن میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ماہرین صحت اب ان تمام لوگوں کی جانچ کررہے ہیں جوصوفی گریگوری کے ساتھ رابطے میں تھے۔ کینیڈین وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے کینیڈین شہریوں کی حفاظت اور اپنی ذمہ داری بخوبی نبھانے کے لیے ماہرین صحت اور کینیڈین عوامی صحت ایجنسی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ برائے صحت ڈبلیو ایچ او ایک ہنگامی اجلاس میں کورونا کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔