ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1717 ہوگئی، 20 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 30 مارچ 2020
کورونا وائرس سے متاثرہ 11 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 28 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں

کورونا وائرس سے متاثرہ 11 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 28 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1717 ہوگئی جب کہ وائرس سے 20 افراد جاں بحق اور 57 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 92 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1717 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 6 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے جب کہ 11 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 57 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں کیسز کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرگئی

نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 628 تک جا پہنچی ہے جب کہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 535 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔

اس کے علاوہ دیگر صوبوں بلوچستان میں 152، خیبر پختون خوا میں 217، گلگت بلتستان میں 128 جب کہ اسلام آباد میں 51 اور آزاد کشمیر میں 6 مریض ہیں۔

کورونا ریلیف فنڈ کے قیام کا اعلان

وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کورونا وائرس ریلیف ٹائیگر فورس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس فوج اور انتطامیہ کے ساتھ مل کر وبا کے پھیلاؤ کی صورت میں مقابلہ کرے گی۔ جن علاقوں میں لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا تو یہ فورس خوراک اور آگاہی کی فراہمی میں مدد فراہم کرے گی۔ ینگ ڈاکٹرز، نرسز، طالب علم، انجینیئر اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان اس فورس میں شامل ہوں گے۔ ہم حالات کے مطابق انھیں ہدایات جاری کرتے رہیں گے۔

انہوں نے  کہا کہ کورونا ریلیف فنڈ کا اعلان بھی کرتے ہوئے کہا کہ اس میں جو بھی رقم جمع کروائے گا اس سے کوئی سوال نہیں ہوگا اور کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروائی گئی رقم ظاہر کرکے ٹیکس میں رعایت حاصل کی جاسکے گی۔ اس فنڈز میں آںے والی رقوم ضرورت پڑنے پر احساس پروگرام میں رجسٹرڈ 1 کروڑو 20 لاکھ  افراد کے لیے کی امداد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اس فنڈ کا آڈٹ ہوگا اور تفصیلات عام کی جائیں گے۔ احساس پروگرام کے فیس بک پیچ کے ذریعے مخیر اور مستحق حضرات کے رابطے کروائے جائیں گے۔

12 سو ارب روپے کے وزیراعظم معاشی پیکیج کی منظوری

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔ کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کا معاشی پیکیج منظور کرلیا جس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں، برآمدی شعبے اور صنعتوں کیلئے 100 ارب روپے جبکہ زراعت اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کیلئے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

معاشی پیکیج میں یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 50ارب روپے، سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کیلئے 280ارب روپے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔

مزید چینی امداد آگئی

چین سے کورونا وائرس کا طبی سامان لے کر ایک اور طیارہ کراچی ایئر پورٹ پہنچ گیا۔ چین سے امداد لے کر آنے والا یہ تیسرا جہاز کراچی پہنچا ہے۔

سندھ؛ لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ سندھ میں جزوی یا مکمل کرفیو لگانے پر غور نہیں کیا جارہا ہے۔ صوبے میں گڈز ٹرانسپورٹ، کریانہ، میڈیکل اسٹور بند نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو گھروں میں کھانا اور رقم فراہم کی جائے گی۔ مستحق لوگوں کو راشن کی فراہمی شروع ہوچکی ہے اور رقوم کی فراہمی کا سلسلہ جلد شروع ہوجائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علمائے کرام سے مشاورت کی گئی ہے وہ اس بات پر متفق ہیں کہ عوام کو  گھروں میں نماز ادا کرنی چاہیے۔

کورونا وائرس سے متاثر وزیر تعلیم سندھ سعید غنی صحتیاب

سعید غنی سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی صحتیابی کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ آج میرے کورونا وائرس کے ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق میں بالکل صحتیاب ہوں۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ میں آپ تمام خیر خواہوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے گزشتہ 10 روز میں میرے لئے دعائیں کیں اور میری حوصلہ افزائی کی، انشااللہ میری کوشش ہوگی کہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں بہتر طور پر انجام دے سکوں۔

پاکستان ریلوے کی 4 اے سی بوگیاں قرنطینہ میں تبدیل

ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کاشف یوسفانی نے بتایا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر1 پر قرنطینہ کی بوگیاں کھڑی کی گئی ہیں۔ کورونا وائرس کے متاثرین کو ریلوے کی جانب سے یہاں رکھا جا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے کی جانب سے اے سی سلیپر کی چار بوگیوں کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔ بوگیوں میں تمام  طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

5 قبرستان کورونا وائرس سے مرنے والوں کیلیے مختص

میئر کراچی وسیم اختر کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے شہر کے 5 قبرستان مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع وسطی میں مرنے والوں کے لیے نارتھ کراچی کا شاہ محمد قبرستان مختص ہوگا جب کہ وسطی اورشرقی میں مرنے والوں کی تدفین سرجانی ٹاؤن کے قبرستان میں کی جاسکے گی۔

سندھ حکومت نے دیہاڑی دار افراد کی مدد کا طریقہ کار طے کرلیا

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں مستحق افراد کی مدد کرنے اور انہیں رقوم کی فراہمی کا طریقہ کار طے کرلیا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس کے تحت موبائل رجسٹریشن سسٹم کے تحت مستحق افراد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

خط کے متن کے مطابق ضرورت مند افراد کے ڈیٹا کی نادرا سے بھی تصدیق کروائی جائے گی، ایک خاندان کے صرف ایک ہی فرد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ تاہم بینک اکاونٹ میں 10 ہزار روپے موجود ہونے کی صورت میں اس فرد کو ضرورت مند تصور نہیں کیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک ضرورت مند درخواست دہندہ کےبینک اکاونٹس کےذریعے تصدیق کرے گا۔

جیلوں سے قیدیوں کی رہائی کے احکامات معطل

سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے قیدیوں کی رہائی کے احکامات کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کورونا وائرس کے پیش نظر دی گئی ضمانتوں کے احکامات پرعملدرآمد روک دیا۔ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 408 قیدیوں کی رہائی کے فیصلے سمیت دیگر عدالتوں کی جانب سے جاری فیصلے بھی معطل کردیے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ملک کو کورونا وائرس کی وجہ سے کن حالات کا سامنا ہے سب پتہ ہے تاہم اس طرح قیدیوں کی رہائی کی اجازت نہیں دے سکتے، دیکھنا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے کس اختیار کے تحت قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا، ہائی کورٹس سو موٹو کا اختیار کیسے استعمال کر سکتی ہیں؟، ایسا نہیں ہو سکتا کہ آفت میں لوگ اپنے اختیارات سے باہر ہو جائیں، یہ اختیارات کی جنگ ہے، ان حالات میں بھی اپنے اختیارات سے باہر نہیں جانا۔

سپریم کورٹ نے وفاق، تمام صوبائی حکومتوں، چیف کمشنر اسلام آباد،ڈی سی اسلام آباد ،آئی جی پی اسلام آباد، سیکرٹری داخلہ، نیب، آئی جی جیل خانہ جات کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ فیصلے تک کسی ملزم کو کورونا کی بنیاد پر رہائی نہ دی جائے۔

خواتین میں حجاب کے استعمال میں اضافہ

ایک خاتون منزہ احمد نے بتایا کہ ہماری فیملی میں خواتین کی اکثریت اسکارف استعمال کرتی ہے، اب جب کورونا وائرس شروع ہوا تو اسکارف کے ساتھ ماسک پہننا پڑتا ہے، ماسک کافی مہنگے ہیں اس لئے ہم نے حجاب کا استعمال شروع کردیا۔

جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی رہنما صفیہ ناصر کہتی ہیں حجاب کاحکم توخود ہمارے دین نے دیا ہے۔ جولوگ کل تک حجاب پرتنقید کرتے تھے آج خود کو وائرس سے بچانے کے لئے منہ ڈھانپ رہے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کی خاتون سدرہ خرم نے بتایا کہ اب وقت ہے حجاب کا استعمال شروع کردیں، مقامی ڈاکٹر ربیعہ طارق نے کہا کہ حجاب بھی ماسک کی ہی ایک قسم ہے، ماسک کوچند گھنٹے استعمال کے بعد ضائع کرنا پڑتا ہے لیکن حجاب کو اچھی طرح دھولینے سے دوبارہ قابل استعمال بنایاجاسکتا ہے۔

باکسرعامر خان کا 4 کروڑ روپے دینے کا اعلان

پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں کورونا کی صورتحال سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے کمر کس لی، ہے اور انہوں نے پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے غریب افراد کی مالی امداد کے لیے چار کروڑ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔

عالمی باکسر نے کہا ہے کہ عامر خان فاؤنڈیشن کے توسط سے  پاکستان میں غریب اور نادار افراد کی امداد کے لیے راشن اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا، عامر خان نے اسلام آباد میں واقع اپنی باکسنگ اکیڈمی کو بھی قرنطینہ سینٹر بنانے کی پیشکش کی ہے، اور کہا ہے  کہ کورونا کے مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت پاکستان سے بھرپور تعاون کرنا چاہتا ہوں، باکسنگ اکیڈمی کے ہال میں  ایک ہزار بستر لگانے کی جگہ موجود ہے جسےحسب ضرورت استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کورونا وائرس اور کچھ احتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیجئے۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں ۔ سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں ۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے۔ گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔ اس طرح دن میں ایک مرتبہ گرم بھاپ لینے سے سانس کی نالی اور سائینس کی بھی صفائی ہوجاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔