کراچی: منگل کو طوفانی بارش میں گجر نالے میں ڈوبنے والے بچے کی لاش ماڑی پور جیٹی سے مل گئی

19 اگست سے اب تک ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی


اسٹاف رپورٹر August 22, 2025

کراچی:

19 اگست کو موسلادھار بارش کے دوران لیاقت آباد گجر نالے میں گر کر لا پتہ ہونے والے 11 سالہ بچے کی لاش ماڑی پور تھانے کی حدود میں واقع جیٹی کے قریب سے مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانے کے علاقے ماڑی پور گریکس مہرین اکیڈمی جیٹی کے قریب سے ایک بچے کی ڈوبی ہوئی لاش ملی جسے ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ریسکیو  کرکے قانونی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کیا۔

متوفی بچے کی شناخت 11 سالہ احمد رضا ولد منیر احمد کے نام سے کی گئی، ایس ایچ او سردار عباسی کے مطابق متوفی بچہ لیاقت آباد کا رہائشی تھا اور 19 اگست کو ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران لیاقت آباد گجر نالے میں گر کر لا پتا ہوگیا تھا۔

متوفی بچے کی لاش جمعہ کو ماڑی پور تھانے کی حدود میں واقع جیٹی کے قریب سے مل گئی، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی۔

دوسری جانب ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا دعویٰ ہے کہ 19 اگست سے اب تک ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

مقبول خبریں