ترقی پذیر ممالک کو قرض ادائیگی کی مہلت میں توسیع دی جائے، پاکستان

اے پی پی  ہفتہ 14 نومبر 2020
20 بڑی معاشی طاقتیں اس وقت تک مہلت دیں جب تک یہ ممالک کورونا سے پیدا معاشی تباہی سے نکل نہیں آتے (فوٹو : فائل)

20 بڑی معاشی طاقتیں اس وقت تک مہلت دیں جب تک یہ ممالک کورونا سے پیدا معاشی تباہی سے نکل نہیں آتے (فوٹو : فائل)

 نیویارک: پاکستان نے 20 بڑی عالمی معاشی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی کیلیے دی گئی مہلت میں اس وقت تک توسیع دیں جب تک یہ ممالک اِس وبائی مرض کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی تباہی سے مکمل طور پر نکل نہیں آتے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے گروپ آف 77 اور چین کے سالانہ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ۔19 کے وبائی مرض نے ترقی یافتہ ممالک کی معیشتوں کو تباہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں ہمیں آب و ہوا کی تبدیلی سمیت دیگر مقامی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ معاشی بحران سے نکلنے کیلئے ترقی پذیر دنیا کو مناسب مالی تعاون کی ضرورت ہے، اس لیے جی77 گروپ کو اپنے مقاصد کے حصول کیلیے اتحاد سے کام لینا ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان کے قرضوں سے نجات کے اقدام پر روشنی ڈالتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جی20 ممالک ترقی پذیر ممالک کے کورونا وائرس کی وبا پر مکمل قابو پانے تک قرض واپسی کی معطلی کی مدت میں توسیع کریں گے۔ انھوں نے کم ترقی یافتہ ممالک کے قرضے ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

پاکستانی مندوب نے ترقی پذیر ممالک کیلیے نئے خصوصی ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کے اجرا اور موجودہ اور استعمال شدہ ایس ڈی آرز کی دوبارہ اشاعت کی تجویز بھی پیش کی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔