سینٹرل کنٹریکٹ سلیکشن کمیٹی نے 22 کرکٹرز کے نام پی سی بی کو بھجوا دیے

چیئرمین نجم سیٹھی کی منظوری کے بعدکھلاڑیوں سے اے، بی اور سی کیٹیگری میں معاہدے کرلیے جائیں گے


Sports Reporter February 21, 2014
چیئرمین نجم سیٹھی کی منظوری کے بعدکھلاڑیوں سے اے، بی اور سی کیٹیگری میں معاہدے کرلیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے سینٹرل کنٹریکٹ کیلیے 22 کھلاڑیوں کے نام پی سی بی کو بھجوا دیے، معاوضوں میں 15 سے 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

چیئرمین نجم سیٹھی کی منظوری کے بعدکھلاڑیوں سے اے، بی اور سی کیٹیگری میں معاہدے کرلیے جائیں گے، صہیب مقصود،ذوالفقاربابر، بلاول بھٹی، شرجیل خان اور انور علی کو سینٹرل کنٹریکٹ ملنے کا امکان روشن ہے، سابق کپتان شعیب ملک اوراوپننگ بیٹسمین ناصرجمشید کا بی کیٹیگری میں جگہ برقراررکھنامشکل ہوگیا، کپتان مصباح الحق، یونس خان،شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور سعید اجمل کو اے کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا، کھلاڑیوں کے معاوضے میں 20 فیصد اضافے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹرز اس سے زیادہ اضافہ کے خواہشمند ہیں تاہم حتمی فیصلہ نجم سیٹھی کرینگے۔