بانی ایم کیو ایم پر پابندی ہٹانے کے درخواستگزار کی گمشدگی پر پولیس رینجرز کو نوٹس

عدالت نے 13 اکتوبر تک متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا


کورٹ رپورٹر September 01, 2022
فوٹو:فائل

بانی ایم کیو ایم پر عائد پابندی ختم کروانے کیلئے درخواست دائر کرنے والے سابق رکن اسمبلی نثار پہنور کی گمشدگی پر سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت دیگر حکام کو نوٹسز جاری کردیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے بانی ایم کیو ایم پر پابندی ختم کرنے سے متعلق درخواست دائر کرنے والے سابق رکن اسمبلی نثار پہنور کی گمشدگی کی درخواست پر محکمہ داخلہ، آئی جی اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت دیگر حکام کو نوٹسز جاری کردیئے۔

جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بانی ایم کیو ایم پر پابندی سے متعلق درخواست دائر کرنے والے سابق رکن اسمبلی نثار پہنور کی گمشدگی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل خالد ممتاز نے مؤقف دیا کہ نثار پہنور کو 30 اگست کی رات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھر سے گرفتار کرلیا تھا، استدعا ہے فوری بازیاب کرایا جائے۔

نثار پہنور کے وکیل کی بازیابی کی استدعا پر عدالت نے محکمہ داخلہ، آئی جی اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت دیگر حکام کو نوٹس جاری کیے اور متعلقہ حکام کو 13 اکتوبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

نثار پہنور کے بیٹے محسن پہنور نے دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ میرے والد سے متعلق ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔

درخواستگزار کے وکیل خالد ممتاز ایڈوکیٹ نے بانی ایم کیو ایم پر پابندی ختم کرنے کی درخواست کی سماعت میں نثار پہنور سے متعلق عدالت کو آگاہ کردیا تھا۔ عدالت سے نثار پہنور کو لاپتہ کرنے کے معاملے پر سوموٹو نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔

مقبول خبریں