سائفر کے معاملے پر ن لیگ کا پی ٹی آئی کے خلاف سخت ردعمل کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اکتوبر 2022
ن لیگ عوام کو بتائے کہ یہ ریاست کے خلاف بہت بڑی سازش تھی، میڈیا پر ثبوتوں کے ساتھ بات کی جائے، نواز شریف کی ہدایت (فوٹو: فائل)

ن لیگ عوام کو بتائے کہ یہ ریاست کے خلاف بہت بڑی سازش تھی، میڈیا پر ثبوتوں کے ساتھ بات کی جائے، نواز شریف کی ہدایت (فوٹو: فائل)

 لاہور: مسلم لیگ (ن) نے سائفر کے معاملے پر جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، نواز شریف نے لندن سے پارٹی کو سائفر پر سخت اور جارحانہ ردعمل دینے کی ہدایت کردی۔

(ن) لیگ ذرائع کے مطابق پارٹی قائد میاں نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ ن لیگ سائفر کے معاملے پر عوام کو آگاہ کرے کہ یہ ریاست کے خلاف بہت بڑی سازش تھی، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر عمران خاں کے جھوٹے بیانیے کا پول ثبوتوں کے ساتھ کھولا جائے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ حکومتی اور پارٹی سطح پر سائفر کے معاملے پر واضح موقف اپنایا جائے کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کی کوشش کی گئی، پارٹی عہدیدار اور وفاقی وزراء سائفر والی جھوٹی کہانی پر باقاعدگی سے پریس کانفرنس کریں۔

(ن) لیگ ذرائع نے کہا ہے کہ ہدایات کی روشنی میں پارٹی نے سائفر کے معاملے پر لائحہ عمل تیار کرنے کی پلاننگ شروع کردی ہے، سائفر کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز و دیگر سینئر پارٹی قیادت آج اہم پریس کانفرنس بھی کریں گی، مریم نواز پارٹی قائد کی ہدایت پر سائفر پر سخت اور جارحانہ ردعمل دیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔