صدارتی ایوارڈ یافتہ سابق کپتان و انٹرنیشنل فٹبالر علی نواز بلوچ انتقال کرگئے

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 اکتوبر 2022
کلکتہ محمڈن کی جانب سے امارتی ٹیم کے خلاف ان کی ٹریپل ہیٹ ٹرک یادگار ہے (فوٹو : فائل)

کلکتہ محمڈن کی جانب سے امارتی ٹیم کے خلاف ان کی ٹریپل ہیٹ ٹرک یادگار ہے (فوٹو : فائل)

 کراچی: پاکستان فٹبال ٹیم کے صدارتی ایوارڈ یافتہ سابق کپتان و انٹرنیشنل فٹبالر علی نواز بلوچ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، ان کی عمر 78 برس تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان فٹبال کی تاریخ میں اہم کردار ادا کرنے والے علی نواز بلوچ نے آر سی ڈی فٹبال کپ میں 1974ء سے 1980ء تک پاکستان کی قیادت کی۔ انہیں 1960ء میں برصغیر کے مشہور فٹبال کلب کلکتہ محمڈن کی نمائندگی کا بھی اعزاز حاصل رہا۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات میں امارات کلب کی جانب سے پروفیشنل فٹبال کھیلی اور کوچنگ کی۔ سینٹرفارورڈ کی پوزیشن پر کھیلنے والے علی نواز بلوچ نے مختلف میچز میں ہیٹ ٹرک بھی کیں جبکہ کلکتہ محمڈن کی جانب سے امارتی ٹیم کے خلاف ان کی ٹریپل ہیٹ ٹرک یادگار ہے۔

علی نواز بلوچ کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے شہریت کی پیشکش کی گئی لیکن وہ پاکستان آ گئے تھے۔ پی آئی اے سے منسلک رہنے والے علی نواز پاکستان فٹبال فیڈریشن کے 16 برس تک نائب صدر رہے۔

حکومت پاکستان نے فٹبال کے کھیل میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں علی نواز بلوچ کو 1996ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔ لیاری سے تعلق رکھنے والے علی نواز بلوچ کی جائے پیدائش کے علاقہ کی سڑک کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔

دریں اثناء علی نواز بلوچ کے انتقال پر فٹبال کے حلقوں، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان سرفراز احمد، سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جہانگیر خان اور دیگر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔