سال 2022 کے دوران لاہور میں 2 ہزار 295 بار احتجاج کے باعث سڑکیں بند رہیں

نعمان شیخ  جمعـء 30 دسمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: کیپٹل پولیس آفیسر لاہور نے سال بھر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

میڈیا کو بریفنگ میں ڈاکٹر اسد ملہی نے بتایا کہ سال2022 جلسے، جلوسوں، احتجاجوں اور ریلیوں کے نام رہا، اس دوران لاہور کے مختلف مقامات پر 02 ہزار 295 مرتبہ احتجاج کے باعث سڑکیں بند رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور پریس کلب کے باہر 584 بار احتجاج کے باعث ٹریفک معطل رہی،مال روڈ کو 136 مرتبہ گھنٹوں بند رکھ کر مظاہرین نے احتجاج ریکارڈ کروایا۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران شہر کی سڑکوں پر 496 ریلیاں اور 51 کنونشن ہوئے، شہر کی سڑکوں پر 183 دھرنے اور 173 جلسے منعقد ہوئے، سال 2022 میں سب سے زیادہ عرصہ احتجاج و دھرنا پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی کی طرف سے سیکرٹریٹ چوک پر 38 روز تک جاری رہا۔

ڈاکٹر اسد ملہی کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس تمام تر حالات میں شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرتی رہی، احتجاج آئینی حق، مگر دوسروں کیلئے راستہ بند کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، جلسوں،ریلیوں اور احتجاجوں کیوجہ سے ٹریفک کا نظام تعطل کا شکار ہوجاتا ہے جس سے شہریوں اور بالخصوص مریضوں کو پریشانی ہوتی ہے۔

سی ٹی او لاہور کا۔مزید کہنا تھا کہ ٹیچرز ایسوسی ایشن کی طرف سے گزشتہ تین روز سے مال روڈ، کینال روڈ پر احتجاج و دھرنا جاری ہے، جس سے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، علامہ اقبال روڈ سمیت دیگر ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام مفلوج ہوکر رہ گیا ہے،

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔