صدر و وزیراعظم کا یوم تکبیرپرقوم کو خراج تحسین و مبارکباد

 اتوار 28 مئ 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 28 ویں یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن 25 سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے۔ 

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا جس کے لیے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے، اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا، ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’آئیں! ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے، اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں، مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے‘۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف کا یوم تکبیر کے موقع پر پیغام

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر کوئی عام دن نہیں بلکہ یہ ہماری قوم کے ناقابل شکست دفاع کی منزل کو حاصل کرنے کی کٹھن اور عظیم داستان ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن قومی سطح پر موجود تمام سیاسی قوتوں کے اتحاد سے قومی سلامتی کے مقصد کے حصول کی مثال ہے جو ظاہری طور پر ناممکن نظر آرہا تھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسے اہل بصیرت لیڈر نے پاکستان کا جوہری پروگرام شروع کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نڈر قیادت کا مظاہری کرتے ہوئے میرے لیڈر میاں محمد نواز شریف نے اس حوالے سے تمام دباؤ اور ہر قسم کی لالچ کو رد کرتے ہوئے یقینی بنایا کہ پاکستان جوہری قوت بنے، اس سب کے دوران افواجِ پاکستان نے جوہری پروگرام کی حفاظت کرکے اسے دشمنوں کی بری نظر سے دور رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دن پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع کو نا قابلِ تسخیر بنایا بلکہ خطے میں ہمیشہ کیلئے امن و استحکام کے اصول طے کر دیئے، یومِ تکبیر کی سلور جوبلی پر میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، سائنسدانوں، انجینئیرز اور ہمارے جوہری پروگرام سے وابستہ تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔