6 سالہ فلسطینی بچے کو قتل کرنے پر امریکی مالک مکان مجرم قرار؛ کیا سزا ہوگی؟

امریکا میں 71 سالہ مالک مکان نے فوجی چاقو کے 26 وار کرکے معصوم فلسطینی بچے کی جان لی تھی


ویب ڈیسک March 01, 2025
امریکا میں 71 سالہ مالک مکان نے فوجی چاقو کے 26 وار کرکے معصوم فلسطینی بچے کی جان لی تھی

امریکی عدالت نے گزشتہ برس فلسطینی خاتون اور ان کے بچے پر چاقو سے حملہ کرنے والے سفاک مالک مکان کو مجرم قرار دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الینوائے میں اکتوبر 2023 کے وسط میں 71 سالہ مالک مکان جوزف زوبا نے اپنے کرایہ دار پر حملہ کیا تھا۔

چاقو کے اس حملے میں 6 سالہ فلسطینی بچہ وديع الفيومی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ اس کی والدہ حنان شاہین شدید زخمی ہوئی تھیں۔

دوران تفتیش ثابت ہوگیا کہ مالک مکان نے اپنے فلسطینی کرایہ داروں پر اس لیے حملہ کیا تھا کیوں کہ حماس نے اسرائیل میں گھس کر کارروائی کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مالک مکان نے یہ عمل صرف مسلم دشمنی اور اسلاموفوبیا کے زیر اثر ہوکر کیا۔ آلہ قتل بھی برآمد کیا گیا۔

سفاک شخص نے چھ انچ چاقو بچے کے پیٹ میں ایسا گھونپا تھا جسے بچے کے پیٹ سے بمشکل نکالا گیا۔

زخمی والدہ اب صحت یاب ہوچکی ہیں اور قاتل کے مجرم ثابت ہونے پر خوش ہیں تاہم انھوں نے کڑی سے کڑی سے سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی قانون کے تحت اس مجرم کو قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے جس کا تعین اگلی سماعت پر ہوگا۔

 

مقبول خبریں