اسرائیلی وحشیانہ حملوں پر خاموشی؛ ایران نے امریکا کیساتھ جوہری مذاکرات منسوخ کردیئے

ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات اتوار کو ہونا تھے


ویب ڈیسک June 14, 2025
امریکا اور ایران کے جوہری مذاکرات کل عمان میں ہونے تھے

ایران نے امریکا کے ساتھ عمان میں ہونے والے اتوار کو ہونے والے جوہری مذاکرات کو منسوخ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کی تصدیق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔ انھوں نے کہا کہ  ہے کہ یہ فیصلہ اسرائیل کے ایران پر وحشیانہ حملوں کے بعد کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے الجزیرہ ٹی وی کو ایک انٹرویو میں سوال کے جواب میں واضح طور پر کہا کہ جی ہاں، عمان میں اتوار کو ہونے والے مذاکرات اب نہیں ہوں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے اس بیان کے فوری بعد عمان کی وزارت خارجہ نے بھی مذاکرات کے منسوخ ہونے کی تصدیق کردی۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے حملے کے بعد سے ایران نے متعدد بار امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ ان حملوں میں امریکا بالواسطہ شریک ہے۔

تاہم امریکی حکام نے ایران کے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی حملوں کو شاندار قرار دیا حالانکہ ابتدا میں انھوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو محتاط رہنے کی نصیحت کی تھی تاکہ جوہری مذاکرات کو نقصان نہ پہنچے۔

مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے سب سے بڑے فوجی حملے اور ایران کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد جوہری مذاکرات کا مستقبل اب مزید غیر یقینی ہوگیا ہے۔

 

مقبول خبریں