تمام 41 ٹرین کو آؤٹ سورس کریں گے اب تک 9 ٹرین کو کرچکے، وزیر ریلوے

پاکستان تا روس ٹرین کا افتتاح 19 جولائی کو ہوگا، 155 ریلوے اسٹیشنز پر سولرسسٹم لگانے جارہے ہیں، حنیف عباسی


اسٹاف رپورٹر June 24, 2025

اسلام آباد:

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سے روس تک ٹرین شروع کرنے لگے ہیں جس کا افتتاح 19 جولائی کو وزیراعظم کرینگے، نو ٹرینز آؤٹ سورس کرچکے ہیں کل 41 ٹرین ہیں سب کو آؤٹ سورس کریں گے، 155 ریلوے اسٹیشنز پر سولرسسٹم لگانے جارہے ہیں۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پچھلے ہفتہ میں نے وزیراعظم کو 45 منٹ تک ریلوے پر بریفنگ دی اس پر وزیراعظم نے کہا کہ آپ پہلے وفاقی وزیر ہیں جو خود بریفنگ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ریلوے سے وابستہ ہے اگر ریلوے کے ٹریکس ٹھیک نہیں ہوں گے تو پاکستان کی وہ ترقی جس کا خواب ہم دیکھ رہے ہیں وہ پورا نہیں ہوگا، میں نے آتے ہی دو تین چیزوں پر فوکس کیا، بزنس کلاس میں لوگ سفر کرتے ہیں لیکن ٹرین ہوسٹس نہیں ہیں اس کے لیے ہم نے چھ ڈریسز تجویز کیے ہیں، پہلی بار ایسکیلیٹر انسٹال کیے ہیں ورنہ سامان قلی لے کر جاتے تھے۔ 

وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے اربوں روپے کی ریلوے کی زمینیں واگزار کروا کردی ہیں، مجھے سو دن ہوئے ہیں، واش رومز بھی نئے بنو ارہے جس کی فیس سو روپے ہے، دوسرے مفت واش رومز بھی دستیاب ہیں، ہم سندھ میں بھی ویسٹ مینجمنٹ معاہدہ کرکے اسے آؤٹ سورس کررہے ہیں، فوڈ اتھارٹیز ریلوے اسٹیشنز پر نہیں جاسکتیں، ہم نے چاروں صوبوں کے فوڈ اتھارٹیز کے ڈی جیز کو درخواست کی ہمارے پاس اسوقت ویگن نہیں تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں محکمہ ریلوے فریٹ سے کما کر مسافروں پر خرچ کرتا ہے، 21 دسمبر تک مزید ریلوے ویگنز ہمیں مل جائیں گی، ابھی ہم رشیا ٹرین لے کر جارہے تھے لیکن ایران اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے تاخیر ہوئی اس کا روٹ تفتان، زاہدان اور ترکمانستان تھا عالمی معیار کی ٹرین کا وزیر اعظم 19 جولائی کو افتتاح کریں گے، ہم نو عدد ٹرینز آؤٹ سورس کرچکے ہیں کل اکتالیس ہیں سب کی سب ٹرینز کو آؤٹ سورس کرنا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم ریکوڈک کی وجہ سے ایم ایل تھری بنانے جارہے ہیں، ریلوے کے راولپنڈی کے سوا چھ اسپتال ہیں جنہیں آؤٹ سورس کررہے ہیں، ہمارے پاس باون اسکول ہیں انہیں بھی آؤٹ سورس کررہے ہیں، ایک سو پچپن ریلوے اسٹیشنز پر ہم سولر سسٹم لگانے جارہے ہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ لاہور سے راولپنڈی دو گھنٹوں میں ٹرین نہیں جاسکتی میں نے بتایا ٹریک نہیں ہے ورنہ جاسکتی ہے، پاکستان ریلوے کی 77 سالہ تاریخ میں کبھی کسی صوبے نے ریلوے پر پیسہ خرچ نہیں کیا، حکومت پنجاب نے تین سال میں ڈھائی سو ارب روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلی پنجاب نے اس بجٹ میں دو ارب روپے لاہور سے راولپنڈی ریلوے ٹریکس کے لیے دیے ہیں، وزیراعلی مریم نوازنے باقی پنجاب میں ریلوے ٹریکس کے لئے پچاس ارب روپے اس بجٹ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ پنجاب ٹورازم نے لاہور، راولپنڈی سمیت تین اسٹیشن کو جدید ترین بنانے کا فیصلہ کیا ہے، بلوچستان حکومت نے بھی تین اسٹیشنز جدید بنانے کے لیئے تین ارب دینے کا کہا ہے، چھ جولائی کو کراچی جارہا ہوں وہاں بھی ایسے ہی کام کریں گے،
کے پی کے والے بھی ہمارے بھائی ہیں مگر وہ بے چارے چالیس فیصد تو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج کرانے آتے ہیں۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ اس سال ریلوے کا جو ریونیو جمع ہوا ہے وہ پچھلے 77 سال میں نہیں ہوا، پاکستان ریلوے کو پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز کی انوسیٹمنٹ نے چار چاند لگادئیے ہیں، ریلوے کی پینشن اڑتالیس ارب روپے ہے، اپنے سودنوں میں ریلوے کی پچاس ارب روپے کی زمین قبضہ گروپوں سے واگزار کرائی ہے، وزیراعلی مریم نواز آٹھ ٹریکس کو اپ لفٹ کرنے جارہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرمی میں اب روزانہ چار کوچز میں گیارہ ٹن کے ائیر کنڈیشنڈلگ گئے ہیں، جولائی تک سب ٹرینز میں ائیر کنڈیشنڈ لگ جائیں گے۔

انہوں نے پریس کلب سے متعلق کہا کہ اس پریس کلب سے میری آج سے شناسائی نہیں، جب ہم مشکلات سے گزرتے تھے تب یہاں آتے تھے زندگی کا سیاسی سفر سونے کا چمچہ لے کر شروع نہیں کیا۔

دریں اثناء سیکریٹری نیشنل پریس کلب نے وزیر ریلوے سے پریس کلب میں صحافیوں کے لیے جم قائم کرنے کی درخواست کی اس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ نیشنل پریس کلب میں جم قائم کرنے کے لیے دس کروڑ روپے دے دوں۔

مقبول خبریں