پکنک کیلئے کینجھر جھیل جانے والی بس گھارو کے قریب حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق

جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے ہے



کراچی:

پکنک کیلئے کینجھر جھیل جانے والی بس کو گھارو کے قریب حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہفتے اوراتوار کی درمیانی شب کراچی سے پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل جانے والی بس ٹھٹھہ بائی پاس پرحادثے کا شکارہوگئی، افسوسناک واقعے میں 6 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام نوجوان اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کے رہائشی تھے، جاں بحق افراد میں اسد ولد نور، عبدالرؤف ولد رحمت علی، بشر خان ولد فرید، ارباب ولد صفدر حسین، محمد ابرار ولد محمد انوار اور احسان اللہ شامل ہیں۔

حادثے میں جاں بحق اسد اورعبدالرؤف آپس میں کزن اوراورنگی ٹاؤن نمبر 12 کے رہائشی تھے، متوفی اسد کے بہنوئی عارف نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریبا ڈھائی بجے کے قریب 40 سے 45 افراد پکنک پر کینجھرجھیل جانے کے لیے بس میں روانہ ہوئے تھے، صبح پانچ بچے کے قریب حادثے کی اطلاع ملی کہ بس کھائی میں جا گری ہے جس کے نتیجے میں ان کے سالے اور کزن سمیت 6 افراد جاں بحق اور 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پکنک میں جانے والے تمام افراد آپس میں دوست اور زیادہ تراورنگی ٹاؤن 12 نمبر کے رہائشی تھے، حادثے میں جاں بحق نوجوان 20 سالہ بشرخان اورنگی ٹاؤن 12 کا رہائشی اورچھ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پرتھا۔

جاں بحق نوجوان ارباب اورنگی ٹاؤں ساڑھے 8 نمبرکا رہائشی تھا، حادثے میں جاں بحق ہونے والا احسان اللہ اورنگی ٹاؤن ایم پی آرکالونی کا رہائشی اورکنڈیکٹر بتایا جاتا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں اورنگی ٹاؤن الخدمت سردخانے منتقل کردی گئی ہیں۔

مقبول خبریں