بارش کے بعد اسلام آباد کے ندی، نالوں میں طغیانی، رہائشی علاقوں میں سیلابی کیفیت، وزیرِ اعظم کا نوٹس

وزیرِ اعظم نے سیلابی صورتحال اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے و امدادی کاروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم کردی


ویب ڈیسک August 06, 2025

اسلام آباد میں مارگلہ کے پہاڑوں پر گزشتہ رات کی بارش کے بعد برساتی نالے بپھر گئے جس کے باعث کچھ علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی جب کہ وزیرِ اعظم  شہباز شریف نے اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں بارش کے بعد نالوں سے متصل رہائشی علاقوں میں سیلابی کیفیت کا نوٹس لے لیا۔

رپورٹ کے مطابق کچھ علاقوں میں سیلابی پانی میں علاقہ مکینوں کا تمام سامان اور فرنیچر بہہ گیا، لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جب کہ گاڑیاں بھی پانی میں پھنس گئیں۔

برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث کری گاؤں پل کے حفاظتی بند متاثر ہوئے، برساتی نالے میں جانور اور گھریلو سامان  بہہ گیا، بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور نکاسی آب اور  ندی نالوں کے گرد و نواح میں نشیبی علاقوں میں مقیم آبادیوں کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے پانی سے پھیلنے والے امراض سے تحفظ کیلئے شعبہ صحت کو بھی ہائی الرٹ پر رہنے اور اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیرِ اعظم نے سیلابی صورتحال اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے و امدادی کاروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

 

مقبول خبریں

رائے