کیا ہوگا اگر سورج ایک مہینے کیلئے ’بُجھ‘ جائے

زمین کا اوسط درجہ حرارت تیزی سے گرنا شروع ہو جائے گا


ویب ڈیسک August 09, 2025

سورج اربوں سالوں سے زمین کو روشن کرتا آرہا ہے جسکی وجہ سے ہمارا ذہن یہ غلطی سے بھی نہیں سوچتا کہ اگر سورج اچانک اپنی روشنی مکمل کھودے تو زمین پر کیا ہوگا۔

اگر سورج ایک مہینے کے لیے اچانک "بُجھ" جائے تو زمین پر اثرات تباہ کن ہوں گے اور یہ تباہی دنوں نہیں بلکہ گھنٹوں کے اندر شروع ہو جائے گی۔

پہلے چند منٹ سے گھنٹوں میں

روشنی فوراً غائب نہیں ہوگی بلکہ تقریباً 8 منٹ 20 سیکنڈ بعد اندھیرا چھا جائے گا کیونکہ سورج کی روشنی ہم تک پہنچنے میں اتنا ہی وقت لگتا ہے۔ سورج کی حرارت بھی اُسی تاخیر کے ساتھ ختم ہونا شروع ہوگی۔ سورج کے بجھنے کے بعد آسمان بالکل رات جیسا نظر آئے گا، دن اور رات میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔

پہلا ہفتہ

زمین کا اوسط درجہ حرارت تیزی سے گرنا شروع ہو جائے گا۔ ہر دن چند ڈگری کم ہوتا جائے گا۔ خطِ استوا پر شاید کچھ دن تک ہلکی گرمی باقی رہے مگر زیادہ تر حصوں میں ٹھنڈ حد سے زیادہ بڑھ جائے گی۔ پودے سورج کی روشنی کے بغیر فوٹوسنتھیسس نہیں کر پائیں گے جس سے آکسیجن کی پیداوار اور خوراک کا سلسلہ رک جائے گا۔

دو سے چار ہفتے بعد

سمندروں کی سطح جمنے لگے گی، خاص طور پر قطبوں کے قریب۔ زمین کا اوسط درجہ حرارت تقریباً منفی 40 تک گر سکتا ہے۔ زیادہ تر جاندار، خاص طور پر گرم خون والے بغیر گرمی کے زندہ نہیں رہ سکیں گے۔

ایک مہینے بعد

زمین پر ماحول ایسا ہو جائے گا جیسے کسی گہرے برفیلے سیارے پر ہو۔ تقریباً ہر جگہ برف ہی برف نظر آئے گی۔ زندہ بچنے کا امکان صفر ہوتا جائے گا صرف اُن لوگوں کا ہوگا جو زیرِ زمین گرم پناہ گاہوں میں یا مصنوعی روشنی اور حرارت کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔

سمندروں کی تہہ میں اور زیر زمین مائیکروبز کچھ عرصہ مزید زندہ رہ سکیں گے لیکن زیادہ تر زندگی ختم ہو جائے گی۔ یہ سب اس لیے ہے کیونکہ سورج نہ صرف روشنی بلکہ زمین کی توانائی اور حرارت کا واحد بڑا ذریعہ ہے۔ یہ تاریک سورج ایک مہینہ بعد زمین کو تقریباً "منجمد موت" کی طرف دھکیل دے گا۔

مقبول خبریں