دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو پاکستان کی ’شعلے‘ کیوں کہا جاتا ہے؟

یہ فلم پاکستانی لوک کہانیوں پر مبنی ہے اور اس میں فواد خان، مہوش حیات، حمزہ علی عباسی، اور دیگر بڑے فنکار شامل ہیں


ویب ڈیسک August 13, 2025

ندیم مانڈوی والا نے پاکستان کی بلاک بسٹر فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" کو بھارت کی مشہور فلم "شعلے" قرار دے دیا۔

پاکستان کے بڑے فلم ڈسٹریبیوٹر ندیم مانڈوی والا نے بھارتی میڈیا کے ادارے این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ جس طرح 1975 میں "شعلے" نے بھارتی فلم انڈسٹری میں انقلاب برپا کیا تھا، "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" نے بھی پاکستان کے فلمی بازار کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "شعلے" نے بھارت میں باکس آفس کی کمائی کو 5 کروڑ روپے سے بڑھا کر 20 کروڑ روپے تک پہنچایا تھا، جبکہ پاکستان میں صرف 60 محدود سینما ہالز کے باوجود "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" نے 125 کروڑ روپے کما کر ایک تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

یہ فلم پاکستانی لوک کہانیوں پر مبنی ہے اور اس میں فواد خان، مہوش حیات، حمزہ علی عباسی، اور دیگر بڑے فنکار شامل ہیں۔ ندیم مانڈوی والا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ فلم دیکھنے کے بعد عوام میں جو حیرت اور جذباتی جھٹکا آیا وہ "شعلے" کے اثرات کے برابر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" نے پاکستانی سینما کو ایک نئی پہچان دی ہے اور فلم کی کامیابی نے پاکستان میں فلمی صنعت کی ترقی کے امکانات روشن کر دیے ہیں۔
 

 

مقبول خبریں