پاک–چین اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہورہے ہیں، چینی وزیرخارجہ کی اسحاق ڈار کے ہمراہ نیوز کانفرنس

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ  وانگ ژ ی نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کی


ویب ڈیسک August 21, 2025

چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان تزویراتی شراکت داری مضبوط ہورہی ہے، چین پاکستان کو اپناقابل اعتماد اتحادی تصور کرتا ہے، انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژ ی نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے وزیرخارجہ کی پاکستان آمدکاخیرمقدم کرتے ہیں، چین کے وزیرخارجہ سے ساتھ مفید بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپربات چیت کی گئی، سی پیک سمیت پاک چین تعلقات کی تمام پہلوؤں کاجائزہ لیاگیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام اہم معاملات پراتفاق رائے موجود ہے، خطے کے امن ،استحکام اور خوشحالی کیلئے ملکرکام کرنے کیلئےپرعزم ہیں، سی پیک فیز2،عوامی سطح پر روابط سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہا کہ شاندارمیزبانی پر شکرگزارہوں، پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کےدرمیان مختلف امورپر تفصیلی گفتگوہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کے درمیان تزویراتی شراکت داری مضبوط ہورہی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد اور محبت کارشتہ مزید مضبوط ہورہاہے، وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ چین کے منتظرہیں۔

وانگ ژی نے کہا کہ سی پیک فیزٹوپر بھی ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جارہے ہیں، چین پاکستان کو اپناقابل اعتماد اتحادی تصورکرتاہے،
انسداددہشتگردی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔

چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ علاقائی امن واستحکام ہمارامشترکہ ہدف ہے، نائب وزیر اعظم کے ساتھ 6واں وزرا خارجہ ڈائیلاگ کے دوران بات چیت ہوئی، تمام پہلوؤں پر ہمارا موقف یکساں تھا، سی پیک کو ہائی کوالٹی تعاون میں لے کر جا رہے ہیں۔

قبل ازیں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی وزارت خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے مرکزی دروازے پر معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔

ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینی وزیر خارجہ نائب وزیراعظم و زیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

چینی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران چھٹا پاک -چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ بھی ہوگا۔

پاک – چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت وانگ ژی اور اسحاق ڈار کریں گے، چینی وزیر خارجہ اسلام آباد میں ، پاک – چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے دور میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔

 

مقبول خبریں