کورنگی کاز وے میں بند بنانے کے دوران دفن شدہ اسلحہ برآمد

بیگ سے 30 بور پستول ، ریوالور، گولیاں ، 7 دستی بم اور دیگر مختلف اقسام کی گولیوں سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے


اسٹاف رپورٹر August 22, 2025

کراچی:

کورنگی کازوے ملیر ندی میں بند بنانے کے دوران مدفن اسلحے کا بیگ برآمد ہوا جس کی تلاشی کے دوران اس میں سے زنگ آلود اسلحہ، گولیاں اور دستی بم سمیت دیگر سامان برآمد ہوا۔

ایکسپریس کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کاز وے ملیر ندی کے قریب سے ملنے والی مدفن بیگ سے اسلحہ برآمد ہوا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

بیگ کی تلاشی لی تو اس میں خستہ حال زنگ آلود اسلحہ ، گولیاں اور دستی بم سمیت دیگر سامان برآمد ہوا جس پر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی طارق نواز کے مطابق ملنے والے بیگ سے 30 بور پستول ، ریوالور، گولیاں ، 7 دستی بم اور دیگر مختلف اقسام کی گولیوں سمیت دیگر سامان برآمد ہوا ہے جو کہ انتہائی خستہ حال اور زنگ آلود ہے۔

انھوں نے بتایا کہ بارش کے دوران بند بنانے کے لیے مذکورہ مقام پر ہیوی مشینری کی مدد سے کام کے دوران مزدوروں کو مذکورہ بیگ ملا، پولیس اس حوالے سے مزید چھان بین کر رہی ہے۔

مقبول خبریں