پشاور:
پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ پشاور کی تین اے ٹی سی کورٹس میں نومئی کے پانچ مقدمات زیر التواء ہیں جن میں فضل الہٰی، آصف خان، میناخان، ساجد مہمند، کامران بنگش، تیمور جھگڑا اور اٹھارہ سال سے کم عمر دو لڑکے شامل ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے نو مئی مقدمات کی رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت پشاور کے تین اے ٹی سی کورٹس میں نو مئی کے پانچ مقدمات زیر التواء ہیں، تھانہ غلنئی مہمند کا ایک مقدمہ زیر التواء ہے، پشاور کے تھانہ چمکنی اور فقیر آباد کا ایک ایک مقدمہ زیر التواء ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تھانہ شرقی پشاور کے نو مئی کے دو مقدمات اے ٹی سی کورٹس میں زیر التواء ہیں، ملزمان میں پی ٹی آئی کے موجودہ ارکان اسمبلی فضل الہی، آصف خان، میناخان اور ساجد مہمند شامل ہیں۔
پراسیکوشن کے مطابق ملزمان میں سابق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا بھی شامل ہیں، ملزمان میں دو اٹھارہ سال سے کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 9 مئی کے تین مقدمات میں ملزمان کی جانب سے بریت کے لیے 265 کے کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں،درخواستوں پر آئندہ سماعت پر دلائل سنیں جائیں گے۔