دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، شدید سیلاب کا خطرہ

مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں 5 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر سکتی ہے، محکمہ آب پاشی پنجاب


نعیم اصغر August 26, 2025
دریائے چناب میں گرنے والے نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، ارسا حکام۔ فوٹو:فائل

لاہور:

دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

محکمہ آب پاشی کے مطابق مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد 4.6 لاکھ کیوسک تک پہنچ چکی ہے اور آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں یہ مقدار 5 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر سکتی ہے جو بہت بلند سیلاب کی سطح ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ  اس وقت مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر درمیانے سے بلند درجے کی طغیانی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

دریائے راوی میں بیئن، بسنتار اور ڈیک نالوں میں زائد پانی کے اخراج کے باعث، کوٹ نینا کے مقام پر پانی کی سطح 2.1 لاکھ کیوسک تک پہنچ گئی ہے اور امکان ہے کہ یہ 2.4 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر جائے، جو کہ غیر معمولی بلند سیلاب کی سطح ہے۔

محکمہ آب پاشی نے بتایا کہ جموں کی بات کی جائے تو دریائے توی اور مناور توی دونوں سے دریائے چناب میں نمایاں مقدار میں پانی شامل ہورہا ہے، جس سے پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

حکومت پنجاب نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عارضی شیلٹرز قائم کیے جائیں، جہاں خوراک، طبی سہولیات اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی جائیں۔

مقبول خبریں