اداکار پون سنگھ نے نامناسب رویے پر ساتھی اداکارہ انجلی راگھو سے معافی مانگ لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھوجپوری فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار پون سنگھ نے ساتھی اداکارہ انجلی راگھو سے ایک پروموشنل تقریب کے دوران غیر مناسب انداز میں چھونے پر معافی مانگ لی ہے۔
یہ واقعہ گانے "سَیّاں سیوا کرے" کی لانچ تقریب کے دوران پیش آیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پون سنگھ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکار نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وضاحتی بیان جاری کیا جس میں کہا کہ ان کا ارادہ ہرگز غلط نہیں تھا، تاہم اگر انجلی راگھو کو تکلیف پہنچی تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔
انجلی راگھو نے پون سنگھ کی معافی قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینئر آرٹسٹ ہیں اور انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی ہے، اس لیے وہ معاملے کو مزید نہیں بڑھانا چاہتیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ اس واقعے کو بھول کر آگے بڑھنا چاہتی ہیں اور اب اس معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کریں گی۔