غزہ میں اسرائیل فاتح تو ہے مگر دنیا کی نظروں سے مسلسل گر رہا ہے؛ ڈونلڈ ٹرمپ

غزہ میں مسلسل بربریت عالمی سطح پر اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، امریکی صدر


ویب ڈیسک September 02, 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ کی جنگ اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تازہ انٹرویو میں کہا کہ 2023 میں 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے  اسرائیل کے لیے ہمدردی پیدا ہوئی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ لوگ اسے بھولتے جا رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے انٹرویو میں کہا کہ ماضی میں اسرائیل امریکی کانگریس میں سب سے طاقتور لابی ہوا کرتا تھا اور سیاست دان اس کے خلاف بات کرنے سے گریز کرتے تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اب حالات یکسر بدل چکے ہیں اور اسرائیل کی لابی خاص طور پر کانگریس میں کافی کمزور ہوئی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل اگرچہ غزہ کی جنگ میں فوجی اعتبار سے کامیابیاں حاصل کر رہا ہے لیکن دنیا کی نظر میں وہ یہ جنگ ہار رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ جاری رکھنے سے اسرائیل کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انھیں اب یہ جنگ ختم کرنی ہوگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ میں جنگ جیت رہے ہیں لیکن دنیا کی نظر میں ہار رہے ہیں۔ یہ جنگ اب اسرائیل کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے غزہ میں جنگ کے فوری اختتام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل مزید عالمی تنقید سے بچنا چاہتا ہے تو جنگ اب ختم کردے۔

یاد رہے کہ غزہ میں جنگ کے طویل ہونے سے نہ صرف امریکا اور برطانیہ بلکہ دیگر مغربی ممالک میں بھی اسرائیل کے خلاف رائے عامہ بڑھتی جا رہی ہے۔

فرانس، برطانیہ اور بیلجیئم جیسے اہم اتحادی ممالک نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے جو اسرائیل کے لیے ایک بڑا سفارتی دھچکا ہے۔

مقبول خبریں