وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین خان اور 3 ججز نے حلف اٹھا لیا

وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے تینوں ججز سے حلف لیا


ویب ڈیسک November 14, 2025

اسلام آباد:

قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد جسٹس امین الدین خان نے پہلے وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔

آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین ایوان صدر میں حلف اٹھایا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئینی عدالت کے سربراہ سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی ساحر شمشاد اور وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوئے۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی بھی شریک ہوئے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی، وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین خان، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت اکھٹے حلف برداری کی تقریب کے لیے ہال میں پہنچے جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اکھٹے ہال میں آئے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان اسلام آباد ہائیکورٹ روم نمبر ایک میں بیٹھیں گے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کورٹ روم 2 نمبر میں منتقل ہو جائیں گے۔

آئینی عدالت کے 3 ججز نے بھی حلف لیا

پاکستان کی پہلی وفاقی آئینی عدالت کے تین ججز نے بھی حلف اٹھا لیا، وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے تینوں ججز سے حلف لیا۔

وفاقی آئینی عدالت کے تین ججز کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ بلڈنگ میں منعقد ہوئی۔ وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے اپنی عدالت کے تین ججز جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی سے حلف لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر بھی حلف برداری تقریب میں اسٹیج پر موجود تھے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب طاہر، جسٹس خادم سومرو، جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس بھی وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز، لا افسران، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ بھی تقریب میں شریک تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس اعجاز اسحاق خان، جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی تقریب میں نہیں آئے.

مقبول خبریں