ویمنز بی بی ایل: بارش نے سڈنی تھنڈرز کو یقینی فتح سے محروم کردیا، امپائرز کے فیصلے پر تنازع

بارش کے باعث 5 اوورز فی اننگ تک محدود میچ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے سڈنی تھنڈرز کو 46 رنز کا ہدف دیا تھا


اسپورٹس ڈیسک November 29, 2025

ویمنز بگ بیش لیگ میں بارش نے سڈنی تھنڈرز کو یقینی فتح سے محروم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی تھنڈرز کو اس وقت غیر معمولی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب امپائرز نے ہلکی بارش کے باوجود اچانک کھیل روک کر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

میچ کو بارش کے باعث پہلے ہی فی اننگز پانچ اوورز تک محدود کردیا گیا تھا اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے سڈنی تھنڈرز کو 46 رنز کا ہدف دیا تھا۔

فوبے لچفیلڈ نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 38 بناکر ٹیم کو 2.5 اوورز میں 43 رنز تک پہنچادیا تھا جب امپائرز نے متنازع فیصلہ کیا۔

اگرچہ ہلکی بارش کچھ دیر سے جاری تھی لیکن اس دوران کھیل بھی جاری تھا، محض 3 رنز کی دوری پر اچانک میچ ختم کرنے کا فیصلہ شائقین اور کمنٹیٹرز کو بھی حیران کرگیا۔

لچفیلڈ نے امپائرز کے فیصلے کو انتہائی مایوس کن قرار دیا جبکہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی کپتان تاہلیا میک گرا کا کہنا تھا کہ امپائرز مشکل صورتحال میں تھے کیونکہ ہلکی بارش ہوچکی تھی اور گیند پھسل رہی تھی۔

مقبول خبریں