امریکا نے 85 ہزار ویزے منسوخ کردیے، بھارتیوں کی اپائنٹمنٹ تاریخ تک ملتوی کردی

8000 سے زائد طلبہ کے ویزے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں، امریکی میڈیا


ویب ڈیسک December 11, 2025

واشنگٹن:

امریکا نے سخت فیصلہ کرتے ہوئے جنوری سے اب تک 85 ہزار ویزے منسوخ کردیے، بھارتیوں کی اپائنٹمنٹ تاریخ تک ملتوی کردی گئی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا کہ امیگریشن کے سخت قوانین کے نفاذ کے بعد جنوری سے اب تک 85,000 ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں جس کی بنیادی وجہ حملہ اور چوری کے واقعات ہیں جبکہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو امریکی شہریوں کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا گیا۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ پوسٹ میں اس حوالے سے معلومات شیئر کی ہیں، پوسٹ میں بتایا گیا کہ جنوری سے 85,000 ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اسے روکنے والے نہیں ہیں؛ یہ جاری رہے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پوسٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں ایک نعرے بھی درج ہے کہ امریکا کو دوبارہ محفوظ بنائیں، اس سے ظاہر ہے کہ یہ کارروائی ٹرمپ انتظامیہ کے سیکیورٹی ایجنڈے کا مرکزی حصہ ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ 8000 سے زائد طلبہ کے ویزے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں، گزشتہ سال کے مقابلے اس سال دو گنا زیادہ ویزے منسوخ کیے گئے ہیں۔

بھارتی درخواست دہندگان کے لیے اپائٹمنٹ کی تاریخیں بھی ملتوی امریکا نے H1-B ویزا کے لیے بھارتی درخواست دہندگان کے لیے اپائٹمنٹ کی تاریخیں بھی ملتوی کر دی ہیں۔

بھارت میں امریکی سفارت خانے نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ملاقات کی تاریخ 2026 تک ملتوی کردی گئی ہے تو اس کا مطلب ہے درخواست دہندگان کو نئی تاریخ پر قونصل خانے آنا ہوگا۔

خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ منسوخ کیے گئے زیادہ تر ویزے خراب ڈرائیونگ، مارپیٹ اور چوری کے واقعات کی وجہ سے منسوخ کیے گئے کیونکہ ایسے واقعات میں ملوث افراد امریکی شہریوں کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔

مقبول خبریں