راولپنڈی؛ مسافر وین دریا میں جا گری، 3افراد جاں بحق، دیگر کی تلاش جاری

چار زخمیوں اور تین لاشوں سمیت مجموعی طور پر 7 افراد نکالے جا چکے ہیں، ریسکیو 1122


ویب ڈیسک December 11, 2025

راولپنڈی:

راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں آزاد پتن گراری پل کے قریب مسافر وین دریا میں گرنے سے تین مسافر جاں بحق ہوگئے، ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت پانچ مسافر بمشکل زخمی حالت میں نکل پائے بقیہ کی تلاش جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہجیرہ آزاد کشمیر سے راولپنڈی جانے والی ٹیوٹا ہائی ایس 7599 کو ادریس نامی ڈرائیور چلا رہا تھا، وہ ہجیرہ سے باسط نامی کنڈیکٹر کے ہمراہ پانچ مسافروں کو سوار کرکے راولپنڈی کی جانب آرہی تھی کہ راستے میں نو دیگر مسافر وین میں سوار ہوئے، گاڑی آزاد پتن گراری پل کی قریب پہنچی تو ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے ساتھ گہرائی میں بہتے ہوئے دریا میں جاگری۔

عینی شاہدین کے مطابق دریا میں گاڑی کا بمشکل چھت کا ایک حصہ دکھائی دیتا رہا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کہوٹہ عامر خان کی سربراہی میں پولیس اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور آپریشن شروع کیا۔

ریسکیو ادارے اور عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت تین دیگر مسافر اور ایک باسط نامی کنڈیکٹر نکل سکے جو زخمی بتائے جاتے ہیں اور کنڈیکٹر کی حالت شدید تشویش ناک تھی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ریسکیو آپریشن کے دوران پانی سے 60 سے 70 سالہ خاتون مسافر مسماتہ فاطمہ، اس کے 50 سالہ بیٹے نعیم اور 22 سالہ عدیل نامی مسافر کی ڈیڈ باڈیز اور متاثرہ گاڑی کو دریا سے نکال لیا گیا۔

پولیس اور ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق گاڑی میں سوار چار سے چھ مسافر 32 سالہ عمر حیات، 15 سالہ عامر، صغیر اور عدنان وغیرہ تاحال نہیں ملے جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ ریسکیو کی ایمرجنسی وہیکل سمیت 6 ایمبولینس گاڑیاں غوطہ خور اور واٹر ٹیم سمیت 25 سے زائد ریسکیورز سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے سنگین حادثے کا نوٹس لیا اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم اور ایس ایس پی آپریشن طارق محبوب کو فوری موقع پر پہنچنے اور ریسکیو و ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کی ہدایت جاری کی۔ دونون افسران فورس سمیت جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کے ماہرین نے جائے وقوعہ اور گرد و نواح کا جائزہ لیا اور ابتدائی رپورٹ تیار کی۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد سڑک کا بغور جائزہ لیا گیا، سڑک پر کسی ہنگامی صورتحال میں بریک لگانے سے بننے والے نشانات نہیں ملے بظاہر حادثہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا تاہم حتمی صورتحال تحقیقات مکمل ہونے پر واضح ہوگی۔

 

مقبول خبریں