وائلڈ لائف انفارمر مہم، پنجاب میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے اہم اقدام

محکمہ وائلڈ لائف نے مختلف جانوروں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے انعامات کی تفصیل بھی جاری کر دی


آصف محمود December 13, 2025

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر  پنجاب وائلڈلائف  نے صوبے بھر میں پہلی بار وائلڈ لائف انفارمر مہم  کا آغاز کر دیا ہے۔

انفارمرز کو بھاری رقم انعام کے طور پر دی جائیگی، اس مہم کا مقصد غیر قانونی شکار، جالوں کے ذریعے پکڑنے اور چوری چھپے شکار کی سرگرمیوں کی روک تھام ہے جس میں شہریوں کو بھی فعال کردار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وائلڈلائف حکام کے مطابق شہری اگر کسی بھی غیر قانونی شکار یا جال بچھانے کے بارے میں درست اور قابلِ تصدیق معلومات فراہم کرتے ہیں تو ان کی نشاندہی پر کارروائی کی جائے گی۔ معلومات درست ثابت ہونے اور کامیاب کارروائی کے بعد متعلقہ انفارمر کو سرکاری طور پر مقرر کردہ انعام بھی دیا جائے گا۔

محکمہ وائلڈ لائف نے مختلف جانوروں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے انعامات کی تفصیل بھی جاری کر دی ہے۔ گریٹ انڈین بسٹرڈ کی اطلاع پر 1 لاکھ روپے، جبکہ اڑیال اور ہرن کی غیر قانونی شکار کی نشاندہی پر 50 ہزار روپے انعام رکھا گیا ہے۔

ہوبارا بسٹرڈ کے لیے 25 ہزار روپے، جب کہ جال بچھانے، رات کے وقت تیتر کے غیر قانونی شکار، مور، بٹیر اور آبی پرندوں کے شکار کی اطلاع پر 10 ہزار روپے انعام ملے گا۔ اس کے علاوہ تیتر اور جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار کی نشاندہی پر 5 ہزار روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

وائلڈلائف حکام کے مطابق شہریوں کی شمولیت کے بغیر غیر قانونی شکار کی روک تھام ممکن نہیں، اس لیے عوام اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پنجاب کی جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

مقبول خبریں