موسمیاتی تبدیلی اور بیماری کی وجہ سے لاہور سفاری زو کا زرافہ دم توڑ گیا

جنوبی افریقا سے 12 زرافے امپورٹ کیے گئے تھے


آصف محمود December 12, 2025

لاہور:

موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور معدے کی خرابی کے باعث لاہور سفاری زو میں موجود ایک زرافہ دم توڑ دیا، جس کی موت کی تصدیق انتظامیہ نے بھی کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ سے اکتوبر کے وسط میں 12 زرافے امپورٹ کیے گئے تھے جنہیں کورنٹائن میں رکھا گیا تھا ۔

لاہورسفاری زو  کے ذرائع کے مطابق  دو زرافے شروع سے ہی کمزور اور لاغر تھے۔ انتطامیہ کی طرف سے یکساں خوراک ،ماحول اور بہترین دیکھ بھال کے باوجود ان کی نشوونما نہیں ہو رہی تھی اور دونوں میں معدے کی خرابی کے علامات بھی پائی گئیں۔

ان میں سے ایک زرافہ کم وبیش تین ہفتے قبل دم توڑ گیا لیکن یہ خبر  سامنے نہیں آسکی تھی۔ 

سفاری زو انتطامیہ کے مطابق یہاں موجود 11 زرافے صحت مند ہیں اور ان کی نشونما ہورہی ہے جبکہ اسموگ اور سردی کی وجہ سے ان زرافوں کو ابھی عوام کے لئے اوپن انکلوژر میں نہیں چھوڑا گیا اور انہیں ماحول کا عادی بنایا جارہا ہے۔

لاہور سفاری زو میں زرافوں کے لئے اپنی نوعیت کا پہلا زرافہ کیفے بھی تعمیر کیا جارہا ہے جہاں شہری ان زرافوں کے قریب بیٹھ کر کھانا کھاسکیں گے۔ 

پنجاب حکومت نے اس منصوبے کے لیے 13 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے تھے، جن میں سے 12 زرافوں میں 9 سفاری پارک اور 3 لاہور چڑیا گھر کے لیے منگوائے گئے تھے۔

سفاری زو میں پاکستان کا پہلا جدید ترین وائلڈاینیمل ہسپتال بنایا گیا ہے جہاں جانوروں اورپرندوں کے علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ تحقیق بھی کی جارہی ہے۔

ادھر پنجاب وائلڈلائف حکام نے واضع کیا کہ حالیہ دنوں کسی زرافے کی موت نہیں ہوئی، چند ہفتے قبل ایک زرافہ ہلاک ہوا تھا اور اس بارے محکمانہ رپورٹ بھی جمع کروائی جاچکی ہے۔

 

مقبول خبریں