لاہور: لطیف جیولری مارکیٹ سے کروڑوں روپے مالیت کا 20 کلو سونا غائب ہونے کا بڑا اسکینڈل 

ملزم متعدد سناروں کا سونا لے کر فرار ہوگیا،  اچھرہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دیں


ویب ڈیسک December 13, 2025

لاہورکی لطیف جیولری مارکیٹ سے 20 کلو سونا غائب ہونے کا بڑا اسکینڈل سامنے کے آنے کے بعد  متاثرہ جیولرز کی درخواستوں پر مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔ 

سنار نورالعین نے 9 کروڑ مالیت کے سونا غائب ہونے کا  مقدمہ درج کروا دیا،  متاثرہ سنار نے کہا کہ نو کروڑ مالیت کا سونا وسیم اختر کے پاس امانتاً رکھا تھا، متعدد بار کہا کہ سونا واپس کردو مگر ملزم وسیم نے سونا واپس نہ کیا۔

پولیس نے کہا کہ ملزم وسیم اختر متعدد سناروں کا سونا لے کر فرار ہوگیا،  اچھرہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دیں۔

پولیس نے کہا کہ تمام متاثرہ جیولرز کے مقدمات درج کرنے کا عمل تیز رفتار سے جاری ہے۔

ملزم شیخ وسیم کیخلاف ایک اور درج مقدمے کے مطابق ملزم نے نورالعین سے 9 کروڑ مالیت کا سونا ہتھیایا۔

پولیس نے فراڈ کے علاوہ دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات کا آغاز کردیا جب کہ ملزم شیخ وسیم کی ٹریول ہسٹری ایکسپریس نیوز سامنے لے آیا۔

ریکارڈ  کے مطابق واردات سے قبل8نومبر کو ملزم لاہور ائیرپورٹ سے ملائیشیا روانہ ہوا ، 16 نومبر کو ملزم شیخ وسیم  تھائی لینڈ سے واپس لاہور پہنچا، بیرون ممالک سفر کا سلسلہ 12 مئی 2007 کو شروع ہوا، ملزم ملائیشیا ، بنکاک ، دبئی ،سعودی عرب کے مختلف شہروں کا سفر کرتا رہا۔

ٹریول ہسٹری کے مطابق شیخ وسیم نے 12 مرتبہ سعودی عرب،8 بار دبئی کا سفر کیا ، شیخ وسیم نے موبائل بند کرنے سے قبل آخری کال رات 11 بج 26 منٹ پر کی،  پولیس نے آخری کالر کو شامل تفتیش کرلیا۔ 

پولیس ریکارڈ  کے مطابق  تین گاڑیاں ملزم کے زیر استعمال رہیں،  ایک گاڑی حال ہی میں دوسرے شخص کے نام ٹرانسفر ہوئی،دو سے متعلق  تحقیقات جاری ہیں۔

مقبول خبریں