کراچی:
اورنگی ٹاؤن میں مکان کا کرایہ مانگنے پر کرائے داروں نے خاتون کی جان لے لی جس پر قاتل میاں بیوی کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن حوا گوٹھ کے قریب جھاڑیوں سے خاتون کی لاش ملی، مقتولہ کی شناخت اسما زوجہ منصور کے نام سے ہوئی۔ اسما اپنے شوہر کے ساتھ اورنگی ساڑھے 11 میں کرائے کے گھر میں مقیم تھی۔
تفتیشی حکام نے مزید بتایا کہ گھر کے دو پورشن تھے، دوسرے پورشن میں الگ فیملی رہائش پذیر تھی اور مالک مکان نے کرایہ وصولی کی ذمہ داری اسما کو دی ہوئی تھی، ملزمان میاں بیوی نے تین چار ماہ کا کرایہ نہیں دیا تھا۔
مقتولہ 4 دسمبر کو کرایہ مانگنے گئی تو ملزمان میاں بیوی نے دھکا دیا، دھکا لگنے سے اسما گر گئی اور جاں بحق ہوگئی۔ ملزمان نے لاش بوری میں بند کرکے بائیک پر لے جاکر حوا گوٹھ کے قریب پھینک دی، قتل کے بعد میاں بیوی فرار ہوگئے تھے۔
تفتیشی حکام کے مطابق مقتولہ کی گمشدگی کی رپورٹ پہلے ہی درج کروائی گئی تھی اور تفتیش کے دوران ملزمان میاں بیوی کو گرفتار کیا گیا، واقعے کے وقت مقتولہ کا شوہر کام پر گیا ہوا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی شناخت کشور اور ملزم کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی، ضابطہ کی کارروائی کے لیے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔