افغان سرزمین سے دہشتگردی کا مسلسل خطرہ خطے کیلئے بڑا چیلنج ہے، نمائندہ خصوصی محمد صادق

ایران کی میزبانی میں افغانستان کے لیے ہمسایہ ممالک اور روس کے خصوصی نمائندوں کے اجلاس میں شرکت کی، محمد صادق


ویب ڈیسک December 15, 2025
فوٹو: ایکس

تہران:

افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا مسلسل خطرہ خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا کہ آج ایران کی میزبانی میں منعقد ہونے والے افغانستان کے لیے ہمسایہ ممالک اور روس کے خصوصی نمائندوں کے اجلاس میں شرکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے میں نے تمام شریک ممالک کی اس رائے سے اتفاق کیا کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا مسلسل خطرہ خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

محمد صادق نے کہا کہ میں نے زور دیا کہ افغانستان کے عوام پہلے ہی بہت زیادہ تکالیف برداشت کر چکے ہیں اور وہ ایک بہتر مستقبل کے حق دار ہیں، لہٰذا یہ ناگزیر ہے کہ موجودہ قائم مقام حکمران عوام کی مشکلات میں کمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سب سے پہلا اور اہم قدم یہ ہونا چاہیے کہ افغان سرزمین کو بلا امتیاز ہر قسم کے دہشت گردوں سے پاک کیا جائے۔

نمائندہ خصوصی نے مزید کہا کہ میں نے یہ نکتہ بھی واضح کیا کہ صرف وہی افغانستان جو دہشت گردوں کو پناہ نہ دے، ہمسایہ اور علاقائی ممالک میں اعتماد پیدا کر سکتا ہے تاکہ وہ افغانستان کے ساتھ بامعنی طور پر روابط استوار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس صورت میں ملک کی وسیع معاشی اور علاقائی روابط کی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مدد مل سکے گی۔

مقبول خبریں