کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، پولیس نے قاتل کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ، مقتول چند سال قبل قاتل کی اہلیہ کو بھگا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق گلستان جوہر گلستان جوہر کے علاقے بلاک 16 الا صفا شادی ہال کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او گلستان جوہر انسپکٹر کاشف ربانی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 45 سالہ فیاض ولد ایاز کے نام سے کی گئی ، مقتول گلستان جوہر بلاک 10 قلندرآباد کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔
مقتول اپنے آبائی علاقے کے رہائشی شہباز کی بیوی کو بھگا کر لے گیا اور اس سے نکاح کر لیا تھا، ہفتے کی صبح شہباز فیاض کو اپنی ہی موٹرسائیکل پر بٹھا کر گلستان جوہر بلاک 16 میں لایا اور تین گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس نے شہریوں کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل ( پستول ) برآمد کر لی ، ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔