لاہور:
پاکستان ریلویز کے فریٹ سیکٹر نے چھ ماہ میں 17 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کر لی۔
ترجمان ریلویز کے مطابق ہڑتال کے باوجود نومبر اور دسمبر میں مسلسل 3 ارب سے زائد ریونیو حاصل کیا گیا۔
وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کے مطابق مالی سال کے اختتام پر صرف فریٹ سیکٹر سے 38 ارب سے زائد آمدن حاصل کریں گے اور 2026 میں پاکستان ریلویز پہلی بار ایک کھرب آمدن والا ادارہ بن جائے گا۔
انہوں نے مسافروں سے وعدہ کیا کہ 2026 کے اختتام پر ریلوے تمام ٹرینیں اَپ گریڈ کر دے گا، مسافروں کو بہترین سفری تجربہ ہوگا اور سفر محفوظ ترین بنائیں گے۔ 2026 میں ٹرینوں میں کیمرے لگائیں گے اور ریلوے کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کر دیں گے۔
ریلوے پولیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے کہا کہ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو دورانِ سفر تحفظ اور اعتماد کا احساس ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستان ریلویز پولیس ملکی 78 سالہ تاریخ کی بہترین پولیس فورس بن کر سامنے آئی ہے۔
وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ شفاف ریکروٹمنٹ کے ذریعے اہل اور قابل افراد کی بھرتی کی گئی ہے، بغیر ٹکٹ سفر اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ چوری کے واقعات پر بھی مؤثر انداز میں قابو پا لیا گیا ہے۔
وزیرِ ریلوے کے مطابق ریلوے پولیس کی مجموعی کارکردگی مثالی ہے اور یہ فورس تیزی سے پاکستان کی بہترین قانون نافذ کرنے والی فورسز میں شامل ہو رہی ہے۔
وزیرِ ریلوے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلویز کو مالی طور پر مضبوط، مسافروں کے لیے محفوظ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل پوری تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔