گلبرگ کے علاقے میں ہوٹل آتشزدگی کے معاملے میں گلبرگ پولیس نے ہوٹل کے مالک کرنل ریٹائرڈ فضیل احمد سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمے میں ہوٹل انتظامیہ کے عہدے دار ندیم مرزا ،عاطف ، محمد کامل خان ،بلال شاہ ،اور محمد مصائب کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ سول ڈیفنس کے چیف انسٹرکٹر راشد رفیق کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی ار میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل انتظامیہ نے بیسمنٹ میں غیر قانونی بوائلر نصب کرکے گیس سپلائی کی تھی۔ بوائلر پھٹنے اور گیس لیکج سے ہوٹل میں آگ لگی۔ بوائلر آپریٹر ناتجربہ کار تھا۔
ہوٹل انتظامیہ کو فائر سیفٹی کے لئے نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا مگر انتظامیہ نے اسے نذر انداز کیا۔ ہوٹل انتظامیہ کی غفلت سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے۔
مزید برآں آتشزدگی سے بیسمنٹ میں کھڑی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔