پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل میں چار سو سے زائد کالجز کی رجسٹریشن، تجدید سمیت دیگر معاملات ٹھپ پڑے ہیں جبکہ وزارت صحت حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پروفیشنل اداروں کے سربراہان نے مطالبہ کیا ہے کہ کونسل کی تشکیل کے سلسلہ میں ‘ہاتھیوں کی لڑائی’ میں نقصان نرسز کا ہو رہا ہے، نیا سیشن ضائع ہونے کا بھی امکان ہے۔
گزشتہ ہفتے ہونے والا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا جس کے باعث جھگڑے کی صورتحال میں صدر اور نائب صدر کا انتخاب بھی مکمل نہ ہو سکا تھا۔ ذرائع کے مطابق اٹھائیس ستمبر 2025 کو آرڈیننس کے ذریعے کونسل کی از سر نو تشکیل کا فیصلہ کیا گیا، ایک آرڈیننس کی مدت ملازمت ختم ہونے پر صدارتی آرڈننس کے نفاذ کے بعد ہونے والے اجلاس میں صدر اور نائب صدر کا انتخاب عمل میں لایا جانا تھا۔
تاہم جھگڑے کی نظر ہونے والے اجلاس میں آرڈیننس کی کلاز 11 کے تحت الیکشن پراسس پر اعتراض کے باعث کارروائی مزید نہ بڑھ سکی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل میں سیکنڑوں کیسز التواء کا شکار ہے جس میں اداروں کی نئی رجسٹریشن کے زیادہ کیسز ہیں، عدالتی ہدایات کے بعد بھی متعدد کیسز التواء کا شکار ہیں، اداروں کی رجسٹریشن تجدید اور سیٹیں بڑھانے کے کیسز بھی کونسل تشکیل اور فیصلے کے منتظر ہیں۔