دنیا کے سب سے بڑے اور مقبول ترین انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے کرکٹ کی دنیا کے ایک اور بڑے معرکے کا استقبال منفرد انداز میں کرتے ہوئے اپنے ہوم پیج کا ڈوڈل تبدیل کر دیا ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام شروع ہونے والے خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے آغاز پر گوگل نے ایک انتہائی پرکشش اور متحرک ڈوڈل جاری کیا ہے، جو اس عالمی ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
اس بار سرچ انجن کا ہوم پیج خواتین کرکٹ کے جوش، مہارت اور جذبے کی عکاسی کر رہا ہے، جس نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔
انٹرنیٹ صارفین جیسے ہی سرچ انجن کو کھولتے ہیں، انہیں روایتی لوگو کی جگہ کرکٹ کی بال، وکٹیں اور بیٹ نظر آتا ہے، جسے خواتین کے لیے مخصوص سمجھے جانے والے گلابی رنگ میں ڈھالا گیا ہ، جو اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اب دنیا بھر پر کرکٹ کا بخار چھانے والا ہے۔
یاد رہے کہ سرچ انجن کی جانب سے اپنے روایتی لوگو کو کسی خاص دن، تہوار، سالگرہ یا بڑے عالمی واقعے کی مناسبت سے تبدیل کرنے کی روایت بہت پرانی ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے صارفین کو کسی اہم ایونٹ کی اہمیت سے روشناس کرانا اور اس کی خوشیوں میں شریک ہونا ہوتا ہے۔
کھیلوں کے بڑے عالمی مقابلوں، جیسے کہ اولمپکس، فیفا ورلڈ کپ اور کرکٹ کے عالمی ایونٹس کے موقع پر اس طرح کی تبدیلیاں صارفین کو ایونٹ سے جوڑنے کا ایک بہترین ذریعہ بنتی ہیں۔
اس بار بھی خواتین کے اس بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کی تشہیر اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہوم پیج کے ڈوڈل کو ایک نئے روپ میں پیش کیا گیا ہے تاکہ دنیا بھر میں خواتین کے کھیلوں کو یکساں پذیرائی اور عزت مل سکے۔
اگر سرچ انجن کی اس تخلیقی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ماضی میں بھی کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے بڑے مقابلوں کو اسی طرح خراج تحسین پیش کیا جاتا رہا ہے۔
ماضی میں مردوں اور خواتین کے متعدد ورلڈ کپ مقابلوں کے موقع پر بھی ایسے ہی دلچسپ اور اینیمیٹڈ لوگوز تیار کیے گئے تھے، جنہیں صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
یہ سرچ انجن صرف کھیلوں ہی نہیں بلکہ دنیا کی عظیم شخصیات، سائنسی ایجادات اور مختلف ممالک کے قومی ایام کے موقع پر بھی اپنے لوگو کو ایک نیا اور اچھوتا اسلوب دیتا رہا ہے، جس کے پیچھے ماہر ڈیزائنرز اور اینی میٹرز کی ٹیم کام کرتی ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا یہ ایونٹ خواتین کی کرکٹ میں سب سے معتبر اور سنسنی خیز مقابلہ مانا جاتا ہے، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترتی ہیں۔
اس ٹورنامنٹ کا ماضی شاندار کامیابیوں، ناقابل یقین میچوں اور بہترین انفرادی کارکردگیوں سے بھرا ہوا ہے، جہاں ہر بار ایک نیا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے ابھر کر آتا ہے۔
رواں سال کا یہ ایونٹ بھی پچھلے تمام مقابلوں کے مقابلے میں زیادہ سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے کیونکہ تمام ٹیموں نے اس کے لیے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں۔