کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عباس جمال کے نام سے ہوئی ہے


ویب ڈیسک July 01, 2026

کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں رشیدیہ مسجد کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عباس جمال کے نام سے ہوئی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ڈاکو نوجوان سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم اس نے مزاحمت کی۔

مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں عباس جمال موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-07-01%20at%208-41-28%20PM.mp4

کورنگی صنعتی ایریا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور اس کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔