ٹنڈوالہیار: جناح کالونی میں ایک روز قبل 16 سالہ لڑکی فروا قائمخانی کی موت کا واقعہ قتل نکلا، پولیس کے مطابق فروا کو شک کی بنیاد پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔ متوفیہ کو تشدد کا نشانہ بناکر سینے میں گولی ماری گئی، جبکہ مقتولہ کی بائیں کلائی پر لفظ کے ایف بھی تحریر تھا۔
پولیس کے مطابق والد زبیر اور بھائی عبداللہ نے فروا کو چھت پر لے جاکر پہلے تشدد کیا اور پھر گولی مارکر قتل کیا۔ پولیس نے مقتولہ کے والد زبیر اور بھائی عبداللہ قائمخانی کو گرفتار کرلیا، جبکہ مقدمے میں مقتولہ کے والد زبیر قائمخانی، بھائی عبداللہ قائمخانی اور دو رشتے دار اسامہ اور عمران قائمخانی نامزد ہیں۔
پولیس کے مطابق اسامہ قائمخانی اور عمران قائمخانی نے جرم کو چھپایا اور دیگر دو ملزمان کے ہمراہ ثبوت مٹائے۔ واقعہ کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں قتل اور جرم کے ثبوت مٹانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔