ملک بھر میں خشک سالی کی صورتحال، سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری

این ای او سی کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے


ویب ڈیسک November 17, 2026

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

 این ای او سی کے مطابق سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں خشک سالی کا شدید خطرہ ہے۔

 سندھ کے مذکورہ اضلاع میں خشک سالی کے خطرے کے پیش نظر این ای او سی کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

 بلوچستان کے ضلع چاغی اور ضلع واشک کے بعض علاقوں میں بھی خشک سالی کی صورتحال کا سامنا ہے۔

 این ای او سی کے مطابق معمول سے کم بارشیں، طویل خشک موسم، درجہ حرارت میں اضافہ اور مون سون بارشوں کے معمول میں تبدیلی خشک سالی کی اہم وجوہات ہیں۔

 سندھ کے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 1 تا3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

 متاثرہ علاقوں میں پانی کی کمی کے باعث زرعی سرگرمیاں اور فصلوں کی پیداوار شدیدمتاثر  ہو ررہی ہے۔ 

 این ای او سی کے مطابق سندھ کے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہیں جس سے غذائی عدم تحفظ کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

 این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کوآبی وسائل کے مؤثر استعمال اور متاثرہ زرعی و دیہی آبادی کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 عوام فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں اورضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں.

موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے مستند معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی لیں.