اسلام آباد:
ایم کیو ایم پاکستان نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو سیاسی منافقت قرار دے دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول اپنے والد کو ایوان صدر سے نکالیں پھر بات کریں، ایک ٹکٹ میں دو مزے نہیں چلیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم پر الحمدللہ کہنے والا ایک سال بعد انا للّٰہ کیوں پڑھ رہا ہے؟، بلاول کا بیان سیاسی جماعت کے سربراہ کا نہیں بلکہ مافیا ڈان کی زبان ہے۔
زاہد ملک نے کہا کہ بلاول نے دھمکی دی کہ ہماری سیاسی جاگیر چھینی تو خون بہائیں گے، نئے صوبوں کا مطالبہ آئینی ہے، عوامی مطالبات کو دھمکیوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ نئے صوبے عوام کی خوشحالی کی ضمانت ہیں بلاول سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کا حساب دیں، ایم کیو ایم نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔