امریکا؛ سکھ رہنما کے قتل کی سازش کرنے والے بھارتی شہری کو 19 سال سے زائد قید کی سزا

نکھل گپتا کو امریکی عدالت نے اعتراف جرم کے بعد 235 ماہ کی سزا سنائی، مجرم نے سکھ رہنما اور دیگر سے معذرت کی، رپورٹ


ویب ڈیسک November 20, 2026
فوٹو: فائل

امریکا میں بھارتی حکومت کی پشت پناہی میں سکھ رہنما کو قتل کرنے کی سازش کرنے کا اعتراف کرنے والے بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر میریرو نے مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران بھارت کے 55 سالہ شہری نکھل گپتا کو 19 سال اور 7 ماہ (235 ماہ) قید کی سزا سنائی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیویارک میں سکھ رہنما کو قتل کرنے کے لیے بھارتی حکومت کی پشت پناہی سے تیار کی گئی ناکام سازش کا اعتراف کرنے پر بھارتی شہری کو  امریکا میں 19 سال سے زائد قید کی سزا سنادی گئی اور اس حوالے سے امریکا اور کینیڈا کے حکام نے بتایا تھا یہ سازش بھارتی حکومت کے مخالفین کو بیرون ملک نشانہ بنانے کی ایک وسیع تر مہم کا حصہ تھی۔

مزید بتایا گیا کہ بھارت کے 55 سالہ شہری نکھل گپتا نے فروری میں کرائے پر قتل، کرائے پر قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات کا اعتراف کرلیا تھا۔

نکھل گپتا پر بھارتی حکومت کے ایک عہدیدار کے ساتھ مل کر امریکا اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھنے والے سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔

وکیل ایشلے نکولس نے عدالت میں کہا کہ یہ مقدمہ امریکی اقدار کی بنیادوں کو ہلا رہا ہے، ہم اس ملک میں کسی کی آواز دبانے کے لیے تشدد کے استعمال کو کبھی برداشت نہیں کرسکتے۔

نکھل گپتا نے عدالت کو بتایا کہ انہیں بھارت کی تحریک آزادی کے رہنما مہاتما گاندھی کے عدم تشدد کے اصولوں سے انحراف کرنے پر افسوس ہے، میں مسٹر گروپتونت سنگھ پنوں اور ان برادریوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں میں نے نقصان پہنچایا اور اپنے خاندان سے بھی معافی مانگتا ہوں۔

عدالت نے سکھ رہنما کو بتایا کہ وہ گپتا کے خلاف مقدمہ چلانے پر امریکا کے شکر گزار ہیں اور سکھوں کی خودمختاری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا اور بھارتی حکومت کے عہدیدار وکاش یادیو نے ایک قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد فراہم کرنے کا انتظام کیا تھا، تاہم وہ مبینہ قاتل دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ اہلکار تھا۔

رپورٹ کے مطابق وکاش یادیو پر بھی اس مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی ہے تاہم وہ امریکی حکام کی تحویل میں نہیں ہے، یہ واضح نہیں کہ آیا اس نے اپنے دفاع کے لیے کوئی وکیل مقرر کیا ہے یا نہیں۔

ادھر بھارتی حکومت نے سکھ رہنما کے خلاف کسی بھی سازش سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائی اس کی حکومتی پالیسی کے خلاف ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مین ہیٹن میں امریکی اٹارنی کے دفتر کے استغاثہ نے گپتا کو تقریباً 24 سال قید کی سزا دینے کی سفارش کی تھی۔