وزیراعظم کا وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف حالیہ بیان بازی کا نوٹس

وفاقی کابینہ کے تمام وزرا کو یہ ہدایات کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جائے، شہباز شریف


عامر الیاس رانا November 24, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے وزراء کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے، وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔

وزیرِ اعظم  نے کہا کہ اس موقع پر میں، وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کو یہ ہدایات کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جائے۔ وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہیں، وفاقی وزراء کے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی رہنی چاہیے، صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، ہم سب کا فرض ہے کہ ہم سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔