پنجاب حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر نظر بند کر دیا، جے یو آئی  کا دعویٰ

ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ لاہور پولیس نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کی نظربندی ختم کرکے انہیں سفر کی اجازت دی تھی


ویب ڈیسک November 29, 2026

جے یو آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر غیر قانونی طور پر نظر بند کر دیا۔  

ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ لاہور پولیس نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کی نظربندی ختم کرکے انہیں سفر کی اجازت دی تھی، مولانا فضل الرحمان طے شدہ شیڈول کے مطابق بذریعہ سڑک سندھ روانہ ہوئے تھے، مولانا فضل الرحمان نے 30 نومبر کو لاڑکانہ میں شہید اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔

اسلم غوری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رحیمیارخاں کے قریب مولانا فضل الرحمان کو حراست میں لے لیا، پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا عملہ اور جےیوآئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احرار بھی ان کے ہمراہ ہیں، مولانا فضل الرحمان کے استقبال کے لیے آنے والے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد سومرو کو بھی رحیم یار خان سے گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان جےیوآئی  نے کہا کہ اس سے قبل مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور پنجاب کے صوبائی امیر مولانا امجد خان بھی غیر اعلانیہ پنجاب پولیس کے زیر حراست ہیں، پنجاب حکومت نے بھی اسلام آباد انتظامیہ کی طرح حقائق چھپانے اور قوم کو گمراہ کرنے کا راستہ اختیار کیا، پنجاب حکومت فوری طور پر مولانا فضل الرحمان اور  تمام گرفتار قائدین اور کارکنوں کو رہا کرے۔

جمعیت علماء اسلام اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق پرامن عوامی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہے، حکومت کو اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی معمول کی آئینی اور جمہوری سرگرمیاں بھی برداشت نہیں ہو رہیں، اگر ملک میں سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے تو حکومت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی جرات کرے۔

کیا ملک میں سویلین مارشل لاء نافذ کر دیا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں جلسے جلوس بھی نہیں کر سکتیں؟ پارلیمنٹ میں اپوزیشن رہنماؤں کی تقاریر بلیک آؤٹ اور جلسے جلوسوں پر پابندی جمہوریت کے دعووں کی نفی ہے، صوبوں کے درمیان تفریق کا کھیل کھیلنے کے بجائے حکومت واضح کرے کہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کیوں عائد کی جا رہی ہے، حکومت قوم کو بتائے کہ کس کے اشارے پر جمعیت علماء اسلام اور اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، ملک کو سیاسی تصادم اور اشتعال کی طرف دھکیلنے کی کوششیں انتہائی تشویشناک ہیں۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ حکومت کے غیر جمہوری ہتھکنڈے سیاسی جماعتوں کو ان کے آئینی اور جمہوری حق سے محروم نہیں کر سکتے، ہم نے حکومتی جبر کا مقابلہ صبر، تحمل اور استقامت کے ساتھ کرنا ہے، کارکن اپنے عزم اور حوصلے بلند رکھیں اور قیادت پر اعتماد برقرار رکھیں،  کارکن مشتعل نہ ہوں اور صوبائی جماعتوں کے احکامات کے مطابق تحریک جاری رکھیں، استقامت، جہد مسلسل اور صبر کے ذریعے اس سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ مہنگائی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہماری پرامن جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی، آئین کے دفاع، جمہوریت کی بحالی اور اسلام کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، جمعیت علماء اسلام اپنے آئینی، جمہوری اور سیاسی حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان کو گھر میں نظر بند کرنے کا معاملہ، ملتان پولیس کی وضاحت سامنے آگئی

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو گھر میں نظر بند کرنے کے معاملے پر ملتان پولیس کا مؤقف سامنے آگیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان اپنی مرضی سے ملتان تشریف لائے ہیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان کو سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ انہیں سکیورٹی فراہم کرنا ملتان پولیس کے حفاظتی اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد ان کی حفاظت یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچانا ہے۔