کراچی:
این سی سی سی آئی اے نے کراچی میں آن لائن بیوٹی مصنوعات کے نام پر فراڈ اور صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے کے انکشاف کے بعد ملزم کو گرفتارکرلیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے نجی کمپنی کے سابق ملازم محمد انس کو حیدرآباد سے گرفتار کرلیا، حکام کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے کمپنی کے صارفین کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر حاصل کیا اور اسے جعلی مصنوعات کی فروخت کے لیے استعمال کیا۔ ملزم مبینہ طور پر صارفین کے آرڈر ریکارڈ، موبائل فون نمبرز اور گھروں کے پتے استعمال کرکے انہیں اصل مصنوعات کے بجائے جعلی بیوٹی اور اسکن کیئر مصنوعات ارسال کرتا تھا۔
کارروائی کے دوران تین لیپ ٹاپ، ایک موبائل فون اور مبینہ جعلی مصنوعات قبضے میں لے لی گئی ہیں،ضبط کی گئی مصنوعات میں گلوتا وائٹ اور حیا بائی رابی کے نام سے فروخت ہونے والی مصنوعات بھی شامل ہیں،این سی سی آئی اے نے الیکٹرانک شواہد کی ابتدائی جانچ کے دوران جعلی مصنوعات کی فروخت سے متعلق ڈیجیٹل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم محمد انس اور دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر نمبر 139/2026 درج کرلی گئی ہے، مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ فراڈ میں ملوث دیگر افراد، صارفین کے ڈیٹا کے غیرقانونی استعمال اور مالی لین دین سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔۔